پاکستان
Time 27 فروری ، 2020

کورونا: کراچی میں آئسولیشن وارڈز قائم، آگہی کیلیے ہیلپ لائن بھی جاری

کراچی میں کورونا وائرس کا کیس سامنے آنے کے بعد عوامی آگہی اور معلومات کے لیے ہیلپ لائن قائم کردی گئی ہے۔

کمشنرکراچی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کمشنر کے آفس میں ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کردیا گیا جو 24 گھنٹے کام کرے گا۔

ترجمان کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ عوام کنٹرول روم کے فون نمبر 02199206565 ،02199203443 پر رابطہ کر سکتے ہیں اور وائرس سے متعلق تمام معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ مختلف اسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز بنادیے گئے ہیں اور کنٹرول روم بھی قائم کردیے گئے ہیں۔

انتظامات سے متعلق صوبائی وزیربلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ خوف وہراس پیدا کرنےاورگھبرانےکی ضرورت نہیں، سندھ حکومت مکمل طور پر تیار ہے اور سب کا تعاون چاہیے لیکن احتیاطی تدابیر کی بھی ضرورت ہے۔

ماسک سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کافی تعداد میں ماسک موجود ہیں اور  مزید ماسک کےلیے آرڈر دے دیے گئے ہیں۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ شب پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 کیسز سامنے آئے جن کی تصدیق  وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کی۔

کورونا وائرس کا پہلا کیس کراچی سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ یحییٰ جعفری میں تشخیص کیا گیا جب کہ دوسرے مریض کا تعلق اسلام آباد سے ہے جس کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

مزید خبریں :