سائبر کرائم ونگ کی کارروائی، خاتون کو بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار

ملزم نے متاثرہ لڑکی کو اس کی فحش ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعے بلیک میل کرکے اس کے ساتھ متواتر جنسی تعلقات میں ملوث ہونے پر مجبور کیا: ایف آئی اے— فوٹو: جیو نیوز

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم نے گلبہار کراچی کی رہائشی ایک خاتون کو بلیک میل، ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزام میں ایک ملزم محمد اطہر خان کو گرفتار کرکے شواہد حاصل کر لیے۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ملزم اطہر خان کے خلاف ناظم آباد کے علاقے گلبہار کی رہائشی ایک خاتون علینہ نے سائبر کرائم کے تحت شکایت درج کرائی تھی۔ 

ملزم پر خاتون کو حراساں اور بلیک میل کرنے کے علاوہ دھمکیاں دینے کا الزام ہے جس پر ایف آئی اے کی ٹیم نے ایک مجاز اتھارٹی کی منظوری سے چھاپہ مار کارروائی کی۔

ناظم آباد کے رہائشی ملزم محمد اطہر خان کو ناظم آباد نمبر ایک کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ 

ملزم نے متاثرہ لڑکی کو اس کی فحش ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعے بلیک میل کرکے اس کے ساتھ متواتر جنسی تعلقات میں ملوث ہونے پر مجبور کیا۔

تلاشی کے دوران قبضے میں لیے گئے موبائل فونز کے ابتدائی تکنیکی تجزیے میں مبینہ فحش تصاویر، ویڈیوز اور بلیک میلنگ کے پیغامات ڈیوائسز میں پائے گئے۔ 

ملزم نے متاثرہ لڑکی کے بھائی اور کزن کو فحش تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیں جبکہ ملزم کے موبائل فونز سے بعض دوسری لڑکیوں کی فحش تصاویر اور ویڈیوز بھی برآمد ہوئی ہیں۔

ڈیجیٹل تجزیے اور حالات سے ملزم پی ای سی اے 2016 کی دفعہ 20، 21 اور 24 کے تحت قابل سزا جرائم میں ملوث پایا گیا ہے لہذا ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے ملزم محمد اطہر خان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی۔

پولیس نے عدالت سے ملزم کا 3 روزہ ریمانڈ بھی حاصل کرلیا ہے۔

مزید خبریں :