کورونا کے باعث چین کے منسوخ شدہ آرڈرز پاکستان کو مل رہے ہیں، گورنر اسٹیٹ بینک

گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا ہے کہ کورونا کے باعث چین کے منسوخ ہونے والے آرڈرز پاکستان کو مل رہے ہیں۔

پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا اجلاس چیئرمین رانا تنویر حسین کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔

گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر  نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو مانیٹری پالیسی اور مہنگائی پر بریفنگ دی۔

رضا باقر کا کہنا تھا کہ جولائی سے زرمبادلہ ذخائر میں ساڑھے 9 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے ،ذخائر بڑھتے رہے تو عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) سمیت کسی کے آگے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے چین کے آرڈر منسوخ ہو رہے ہیں اور چین کے منسوخ آرڈر اب پاکستان کو مل رہے ہیں جب کہ پاکستان کو چین سے سپلائی بھی متاثر ہورہی ہے، ایران میں کورونا وائرس کے بھی منفی اثرات یہاں آسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈالر 162 سے 155 روپے کی سطح پر آچکا ہے جب کہ مہنگائی میں 2 فیصد کمی آگئی ہے اور یہ مزید کم ہوگی، رواں مالی سال مہنگائی 11 سے 12 فیصد رہے گی،مہنگائی مزید کم ہونےسے شرح سود میں بھی کمی آئے گی۔

گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف معاشی اصلاحات میں شراکت دار ہے، آئی ایم ایف سے بات چیت کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پرہوتی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ زرمبادلہ ذخائر  برآمدات میں اضافے سے بڑھیں، لوگ فارن کرنسی اکاؤ نٹس روپے میں منتقل کر رہے ہیں۔

چین میں کورونا وائرس سے مزید 33 افراد ہلاک ہوگئے

خیال رہے کہ چین میں کورونا وائرس سے جہاں بڑی تعداد میں جانی نقصان ہوا ہے وہیں کورونا کے خوف  نے چینی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔

حالیہ رپورٹ کے مطابق چین میں کورونا وائرس سے مزید 33 افراد ہلاک ہوگئے  ہیں جس کے بعد چین میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2ہزار 945 ہوگئی اور متاثرہ افراد کی تعداد 80 ہزار سے زائد ہے۔

دوسری جانب ایران میں بھی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور کورونا وائرس سے مزید 11 ہلاکتوں کے بعد مرنےوالوں کی تعداد 77 ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :