مریض کی پاکستان واپسی کی ِچٹھی لکھ دی گئی ہے، فردوس عاشق اعوان

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے  نواز شریف کی واپسی کے لیے برطانیہ کو خط بھیجے جانے کی تصدیق کردی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس بریفنگ میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مریض کی پاکستان واپسی کی چِٹھی لکھ دی گئی ہے، چٹھی کے ایشو ہوتے ہی آہ و بکا اور چیخ و پکار لندن سے سنائی دی ہے جس سے لگتا ہے وہ لمبا بستر باندھ کر گئے تھے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو واپس لانے کے لیے کاغذی کارروائی ضروری تھی، نوازشریف اور شہبازشریف سے درخواست کی گئی ہے کہ واپس تشریف لے آئیں، قانون نے 8 ہفتوں کی اجازت دی تھی اور ایک میکنزم بنایا تھا لیکن ان لوگوں نے عدالتی سہولت کا غلط استعمال کیا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف عدالت میں جمع کرائے گئے ضمانتی بانڈ کی پاسداری کریں، جس میڈیکل بورڈکی سفارش پرآپ باہرگئے وہی بورڈ کہہ رہا ہے کہ آپ کی رپورٹس حوصلہ افزاء ہیں۔

اپنی بریفنگ میں انہوں نے کابینہ اجلاس کی  دیگر تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے پاکستان میڈیکل کمیشن(پی ایم سی) سے متعلق عدالتی معاملات حل کرنے کی ہدایت دی ہے، پی ایم سی سے متعلق بل کو پارلیمنٹ کی کمیٹی سے فوری منظور کرایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایم سی فعال نہ ہونےسے17ہزار ڈاکٹروں کی ڈگریوں کی تصدیق نہیں ہوسکی، اپوزیشن جماعتوں کی بے حسی کی وجہ سے یہ بل لٹکا ہوا ہے، وزیراعظم نے قانون سازی سے متعلق  پرویز خٹک اور اسد عمرکو ٹاسک دے دیا ہے ۔

کورونا سے متعلق ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ کو کابینہ نے مستردکردیا 

انہوں نے بتایا کہ کابینہ نےکورونا وائرس سے متعلق ملک میں  ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ کو مسترد کردیا ہے اور کورونا سے متعلق مہم کو صوبوں کے ساتھ مل کر تیز کرنے پر زور دیاگیا ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں تمام انٹری پوائنٹس پر اسکریننگ کو مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اجلاس میں وزیراعظم نے سندھ کے 3 اور پنجاب کے ایک اسپتال کو صوبوں کے زیر انتظام کرنے سے متعلق ہدایات دی ہیں۔

بھارت کے ساتھ تجارت کے حوالے سے معاون خصوصی نے بتایا کہ کابینہ نے بھارت سےکیڑے مارادویات کی ایک بار درآمد سے متعلق معاملہ مسترد کردیا ہے، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں بھارت سے کسی قسم کی تجارت نہیں ہوسکتی۔

اسکولوں میں بچوں کو سزا کیخلاف قانون سازی کی ہدایت

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے اسکولوں میں بچوں کو سزا دینے کےمعاملے کانوٹس لیتے ہوئے  وزارت انسانی حقوق کو قانون سازی کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ ارکان نے بجلی کے بلوں اور مہنگی بجلی سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا ہے جب کہ وزیراعظم نے بجلی چوری، زائد بلنگ سے متعلق اقدامات کی ہدایت دی ہے اور اس حوالے سے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کو ٹاسک سونپا گیا ہے۔

معاون خصوصی نے مزید بتایا کہ کابینہ نے اسلم حناس کو چیئرمین   پی آئی اے بورڈ اور طارق ہدیٰ کوچیئرمین اسٹیٹ لائف انشورنس تعینات کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔

مزید خبریں :