06 مارچ ، 2020
چین سے پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس کے حوالے سے متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ویب سائٹس پر جعلی معلومات شیئر کرنے کا سلسلہ جاری ہے لہذا جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے حال ہی میں گوگل نے پلے اسٹور سے کورونا وائرس سے متعلق تمام ایپس ہٹا دی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گوگل، پلے اسٹور سے کورونا وائرس سے متعلق تمام تر ایپس کو بلاک کرنے کے حوالے سے سرگرم ہے، صارفین اگر گوگل پلے اسٹور پر کورونا وائرس سے متعلق کچھ بھی سرچ کریں گے تو انہیں کوئی نتائج نہیں ملیں گے۔
اس حوالے سے سب سے پہلے 9 ٹو 5 گوگل کی جانب سے رپورٹ کیا گیا اور انہوں نے بتایا کہ گوگل پلے اسٹور کورونا وائرس سے متعلق کچھ بھی سرچ کرنے پر کوئی نتائج نہیں دے رہا۔
پلے اسٹور پر کورونا وائرس سے متعلق ایپس اور گیمز بلاک کر رہا ہے، پلے اسٹور پر اگر صارفین کورونا یا کووڈ-19 لکھ کر سرچ کریں گے تو انہیں کوئی بھی نتائج حاصل نہیں ہو سکیں گے۔
تاہم گوگل کی جانب سے اس حوالے سے فی الحال کوئی بیان نہیں جاری کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کورونا وائرس سے متعلق جعلی معلومات کے حوالے سے فیس بک کی جانب سے بھی اقدام کیا گیا تھا جب کہ آن لائن ریٹیل ایمازون کی جانب سے کورونا وائرس کا خاتمہ کرنے والی تمام تر جعلی پروڈکٹس ویب سائٹ سے ہٹا دی گئی تھیں۔
خیال رہے کہ چین میں جان لیوا کورونا ائرس سے مزید 30 افراد کی ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جب کہ امریکا میں بھی اموات کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔
کورونا وائرس دنیا کے 90 ملکوں تک پھیل گیا ہے اور دنیا بھر میں مجموعی طور پر 3 ہزار 386 افراد ہلاک اور متاثرہ افراد کی تعداد 98 ہزار 400 سے زائد ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ 55 ہزار 638 سے زائد افراد صحتیاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔