10 مارچ ، 2020
کراچی: سندھ کی اہم سیاسی شخصیت کے بہنوئی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ شخصیت کے بہنوئی دو روز قبل ایران سے کراچی پہنچے تھے جنہیں ہلکے بخار کی شکایت تھی جس کے بعد شک کی بنا پر ان کا کووڈ-19 کا ٹیسٹ کیا گیا جس میں کورونا وائرس کی علامات پائی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کو کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے سبب گھر میں ہی آئسولیشن میں رکھا گیا ہے جب کہ اہل خانہ کی بھی نگرانی کی جارہی ہے، اس کے علاوہ یہ شخصیت جس پرواز کے ذریعے کراچی پہنچی اس کے مسافروں کا ڈیٹا بھی جمع کیا جارہا ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 16 ہوگئی ہے جن میں کراچی سے 9 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبہ سندھ میں متاثرہ افراد کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔
ملک کے تمام داخلی راستوں پر اسکریننگ جاری
حفاظتی اقدامات کے تحت ملک کے تمام داخلی راستوں پرکورونا وائرس کے خطرے کے باعث اسکریننگ جاری ہے جس کے لیے خصوصی مشینیں لگائی گئی ہیں، اسکریننگ میں جسم کے درجہ حرارت اور کیس ہسٹری کے مطابق مشتبہ قرار دیا جاتا ہے۔
انٹرنیشنل ائیرپورٹس اور بارڈرز پر ہر آنے والے مسافر کو محکمہ صحت کے 3 سے 4 ماہرین بھی چیک کرتے ہیں۔
محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ داخلی راستوں پر وزارت صحت اور این آئی ایچ سے تربیت یافتہ عملہ تعینات ہے۔
حکام کے مطابق اب تک تقریباً 9لاکھ افراد اسکریننگ کے عمل سےگزر چکے ہیں، مختلف لیبارٹریز میں اب تک کوروناکے 360 افراد کے نمونے بھی چیک کیے جا چکے ہیں۔
واضح رہےکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ اب تک 4 ہزار ہلاکتیں رپورٹ کی جاچکی ہیں۔