پاکستان

پولیس نے کراچی سپر ہائی وے پر قائم ریسٹورنٹس بند کرا دیے

دیر تک ہوٹلنگ اور گھومنا پھرنا جاری رہا تو ہوٹلز اور ریسٹورینٹس مکمل طور پر بندکر دوں گا، وزیراعلیٰ سندھ،فوٹو:فائل

کراچی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کے بعد پولیس نے سپر ہائی وے پر قائم ریسٹورنٹس بند کرا دیے۔

پولیس حکام کے مطابق گزشتہ روز ہوٹلز انتظامیہ کو بندش کے نوٹس جاری کیے گئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سپر ہائی وے پر تمام بڑے ہوٹلز بند کرائے گئے ہیں، ان ہوٹلوں میں ہزار سے زائد لوگ جمع ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ کراچی میں آج کورونا وائرس کے 8 مزید نئے کیسز آئے ہیں جس کے بعد شہر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 30 ہوچکی ہے جن میں سے 2 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 150 ہے جب کہ ملک بھر میں مجموعی تعداد 184 ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے عوام کو تنبیہ کی ہے کہ دیر تک ہوٹلنگ اور گھومنا پھرنا جاری رہا تو ہوٹلز اور ریسٹورینٹس مکمل طور پر بندکر دوں گا۔

ترجمان وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے ریسٹورینٹس اور چائے خانوں کو رات 9 بجے بندکرنے پر غور شروع کردیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کی عوام سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل

خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران بھی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ ہم نے احتیاطی تدابیر کے طور پر کراچی میں اسکول بند کیے تو سی ویو بھر گیا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تاکہ بیماری سے محفوظ رہیں۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے حفاظتی اقدامات کے تحت  میٹرک اور انٹر کے امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے جب کہ تعلیمی اداروں میں پہلے ہی چھٹیاں دی جاچکی ہیں۔

مزید خبریں :