کھیل
Time 17 مارچ ، 2020

’کیوں بلیاں اور کتے کھاتے ہو‘ شعیب اختر چینی باشندوں پر برس پڑے

فوٹو: فائل 

راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور شعیب اختر  کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ کا ایونٹ متاثر ہونے پر چینی باشندوں پر برس پڑے۔

شعیب اختر نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں انہوں نے چینی باشندوں کی کھانے کی عادات پر شدید تنقید کی اور کہا کہ ان کی اس عادت کی وجہ سے کورونا وائرس دنیا بھر میں پھیلا اور اس سے پاکستان سپر لیگ بھی متاثر ہوئی ہے۔

سابق بولر نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ اللہ نے اتنے حلال جانور بنائے ہیں تو یہ لوگ کیوں حلال جانور نہیں کھاتے۔

انہوں نے چینی باشندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ کیوں چمگاڈر، بلیاں اور کتے کھاتے ہیں اور اس وجہ سے پوری دنیا میں وائرس پھیل گیا ہے۔

شعیب اختر نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اتنے سالوں بعد کرکٹ واپس آئی ہے، غیر ملکی کھلاڑی پاکستان تشریف لائے اور صرف اور صرف ووہان میں رہنے والے چینی باشندوں کے چمگاڈر کھانے کی وجہ سے ہمارے اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے بغیر میچز کھیلے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے یہ دیکھ کر بہت غصہ آتا ہے یہ لوگ عجیب و غریب چیزیں کھاتے ہیں اور اپنے ساتھ ساتھ پوری دنیا کو بھی خطرے میں مبتلا کردیا ہے۔

اپنی ویڈیو کے اختتام میں شعیب اختر نے کہا کہ میں چینی باشدوں کے خلاف نہیں ہوں، آپ لوگ انہیں کیسے کھاسکتے ہو؟ یہ شاید آپ کی ثقافت کا حصہ ہے لیکن اس سے آپ کو کوئی فائدہ نہیں ہو رہا ہے بلکہ یہ پوری انسانیت کو تکلیف پہنچا رہا ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے خوف کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) 5 کے بقیہ میچز تماشائیوں کے بغیر خالی اسٹیڈیم میں کرائے جارہے ہیں جب کہ پی سی بی کی اجازت کے بعد متعدد غیر ملکی کھلاڑی بھی وطن واپس جا چکے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا کی صورتحال 

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث اموات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 7 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 82 ہزار سے زیادہ ہے۔

مزید خبریں :