17 مارچ ، 2020
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے باعث خراب صورتحال کے پیشِ نظر پاکستان سمیت غریب ممالک کےقرضے معاف کرنے کا مطالبہ کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قرضے معاف ہونے سے کورونا وائرس سے نمٹنے میں مدد ملے گی لہٰذا عالمی برادری غریب ممالک کے قرضے معاف کرنے پرغور کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس زیادہ پھیلا تو اس سے نمٹنے کی صلاحیت اور وسائل نہیں ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے ایران پر سے بھی پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پابندیاں اٹھانے سے ایران کو کورونا وائرس سے نمٹنےمیں مدد ملےگی لہٰذا مشرق وسطیٰ میں کورونا سے بدترین متاثر ایران پر سے پابندیاں ہٹائی جائیں۔
پاکستان جیسے ممالک کو کورونا وائرس سے بدترین معاشی بدحالی کا خدشہ ہے:
عمران خان
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس دنیا کے ترقی پزیر ممالک کی معیشتوں کو تباہ کرسکتا ہے، ترقی یافتہ ممالک غریب ممالک کے قرضے معاف کرنے کے لیے تیار رہیں، وائرس سے پیدا بحران سے ترقی پذیر ممالک میں بھوک اور غربت پھیلنے کا ڈر ہے، عالمی برادری کو پاکستان جیسے ممالک کے لیے قرضوں کی معافی کی کوئی صورت نکالنے کا سوچنا ہوگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان جیسے ممالک کو کورونا وائرس سے بدترین معاشی بدحالی کا خدشہ ہے، ترقی یافتہ معیشتوں کا اقدام کمزور معیشتوں کو کورونا وائرس کے بحران سے لڑنے میں مدد دے گا۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو بچانےکی کوشش کررہے ہیں، اگرکورونا کی صورتحال سنگین ہوئی توکمزور معیشت کو بچانے میں ناکام ہوجائیں گے، پاکستان کی برآمدات متاثر ہوں گی اور بیروزگاری میں اضافہ ہوگا، آئی ایم کا قرضہ پاکستان کے لیے ناممکن معاشی بوجھ بن جائے گا۔
اگرکورونا کی صورتحال سنگین ہوئی توکمزور معیشت کو بچانے میں ناکام ہوجائیں گے:
وزیراعظم
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے پاکستان، بھارت اور افریقی ممالک کو یکساں بحران کا سامنا ہوگا، پاکستان کے پاس کسی بڑے بحران سے نمٹنے کے لیے علاج کی سہولیات ہیں نہ وسائل۔
پاکستان کے لیے کورونا وائرس کے گزشتہ روز مزید 131 کیس سامنے آئے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 184 تک جاپہنچی۔ مزید پڑھیں۔۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 115 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 150 ہوگئی ہے۔
تفتان سے سکھر آنے والے مزید 106 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد اب تک متاثرہ زائرین کی تعداد 119 ہوگئی ہے جبکہ کراچی میں گزتہ روز مزید 8 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد شہر میں متاثرہ افراد کی تعداد 30 تک جاپہنچی ہے۔
اس کے علاوہ حیدرآباد میں بھی ایک مریض کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا وائرس کے حوالے سے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں افغانستان اور ایران کے ساتھ سرحد کو 14 روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ ملک بھر میں تعلیمی ادارے اور مدارس بھی 5 اپریل تک بند رہیں گے۔
دنیا بھر میں کورونا وائر سسے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 82 ہزار سے زیادہ ہے جب کہ اب تک دنیا بھر میں 7 ہزار سے زائد افراد وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔
چین کے بعد کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر اٹلی ہے جہاں متاثرہ افراد کی تعداد 28 ہزار تک جا پہنچی ہے جب کہ ہلاکتیں 2 ہزار سے زیادہ ہیں۔
اس کےعلاوہ ایران میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 ہزار ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 850 سے زائد ہیں۔