پی پی کا جیو نیوز کی بندش کیخلاف پٹیشن میں فریق بننے کا فیصلہ

پارٹی کے سیکرٹری جنرل فرحت اللہ بابر کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں فریق بننے کی درخواست دیں گے: ترجمان بلاول بھٹو زرداری— فوٹو:فائل 

پاکستان پیپلزپارٹی نے جیو نیوز کی بندش کے خلاف پٹیشن میں فریق بننے کا فیصلہ کرلیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی جیو نیوز کی بندش کی کارروائیوں کے خلاف پٹیشن میں فریق بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرکے باضابطہ فریق بننے کا فیصلہ کیا ہے اور پارٹی کے سیکرٹری جنرل فرحت اللہ بابر کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں فریق بننے کی درخواست دیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ جیو کی کیبل پر بندش اور پچھلے نمبروں پر ڈالنا آزادی صحافت پر وار ہےاور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آزادی صحافت کی جدوجہد کی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں جیو نیوز کی کیبل پر بندش اور آخری نمبروں پر دھکیلنے کے خلاف درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں جنگ اور جیو نیوز کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے لاہور آفس میں پیشی کے دوران گرفتار کرلیا تھا۔

ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کو نیب نے پرائیوٹ پراپرٹی کیس میں گرفتار کیا۔

13 مارچ کو لاہور کی احتساب عدالت نے جنگ اور جیو نیوز کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کو 12 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا ہے۔

مزید خبریں :