Time 21 مارچ ، 2020
پاکستان

وزیراعلیٰ پنجاب کا صوبے میں 2 روز کیلئے شاپنگ مالز اور دکانیں بند کرنے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آئندہ 2 روز کے لیے صوبے میں شاپنگ مالز اور دیگر دکانیں بند کرنے کا اعلان کردیا۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی کے بعد صوبائی حکومت نے بڑا قدم اٹھایا ہے اور آئندہ 2 روز کے لیے دکانیں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے میڈیا بریفنگ کہا کہ عوام اگلے 2دن تک گھروں میں رہیں اور اہل خانہ کو محفوظ رکھیں۔

انہوں نے بتایا کہ آج رات 9 بجے سے منگل کی صبح 9 بجے تک شاپنگ مالز اوردیگر دکانیں بندکی جارہی ہیں اور ساتھ ہی سیاحتی مقامات بھی 2 روز بند رہیں گے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بیکری، دودھ، پولٹری کی دکانیں، میڈیکل اسٹورز، سبزی منڈی اور جنرل اسٹورزکھلے رہیں گے جبکہ صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ چلتی رہے گی۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ یہ لاک ڈاؤن نہیں بلکہ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کےلیے فیصلہ کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا کے کسی مریض کی صورتحال تشویش ناک نہیں، پنجاب میں قرنطینہ سینٹرز میں بہترین سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

خیال رہے کہ پنجاب میں آج مزید 41 نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں مریضوں کی مجموعی تعداد 137 ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ ملک بھر میں متاثرہ  مریضوں کی تعداد 690 ہے جن میں سے سندھ میں 357، پنجاب میں 104، بلوچستان میں 103، گلگت بلتستان میں 55، خیبرپختونخوا میں 27، اسلام آباد میں 10 اور آزاد کشمیر میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔  

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں صوبہ سندھ میں 15 روز کے لیے شاپنگ مالز اور دیگر مارکیٹس بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس کے بعد دیگر صوبائی حکومتوں نے بھی یہی حکمت عملی اپنائی ہے۔ 

مزید خبریں :