24 مارچ ، 2020
پنجاب کابینہ نے کورونا آرڈیننس کی منظوری دے دی جس کے تحت کسی بھی شخص کو گھر میں مقررہ وقت تک رہنے کا پابند کیا جاسکے گا، خلاف ورزی کرنے والے کو 10 سے 50 ہزار روپے جرمانہ یا 6 ماہ تک قید کی سزا ملے گی۔
صوبے میں 9 ماہ تک بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ تعلیمی ادارے 31 مئی تک گرمیوں کی تعطیلات کے لیے بند رہیں گے۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کورونا وائرس کی روک تھام کےلیے محکمہ صحت کو 11 ارب روپے جاری کردیے۔
اُن کا کہنا ہے کہ 10 ہزار نئے ڈاکٹر، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف بھی بھرتی کیا جائے گا جبکہ وزیراعلیٰ اور کابینہ کی ایک ماہ کی تنخواہ کورونا فنڈ میں جمع کی جائےگی ۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے سول سیکرٹریٹ میں میڈیا کو وڈیو لنک پر بریفنگ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے انفیکشیئس ڈزیز کنٹرول آرڈیننس 2020 کی منظوری دے دی ہے ۔
اس کے علاوہ کورونا کی روک تھام کیلئے محکمہ صحت کو 11 ارب ،صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے )کو 2 ارب اورڈسٹرکٹ گورنمنٹ کو 7 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں لیبارٹریز کو فعال کرنے کے لیے 62 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں ۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن 9ماہ کیلئے ملتوی کرنے کیلئے ا ٓرڈیننس لایا جائےگا، مستحق افراد کو امداد کی بروقت فراہمی کےلیے وفاقی حکومت کو زکوٰۃ کٹوتی ایک ماہ قبل کرنے کی تجویز بھجوا دی ہے جبکہ بیت المال سے بھی فنڈز ریلیز کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پرائیوٹ اسکولوں کی فیس کم کرنے اور چھٹیاں دینے کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے جو ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرے گی۔
یاد رہے کہ صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس سے ایک ہلاکت ہوئی ہے جبکہ اب تک 267 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ملک بھر میں مجموعی طور پر مہلک وائرس سے اب تک 7 افراد جاں بحق اور 958 متاثرہ مریض ہیں۔