’ڈی جی خان کے قرنطینہ سینٹر سے 600 مریض کلئیر قرار‘

 
ڈی جی خان سے کورونا کے 600 مریض کلئیر قرار : وزیر اعلیٰ پنجاب—فوٹو فائل 

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہےکہ  ڈی جی خان سے کورونا کے 600 مریض کلئیر قرار دے دیئے گئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کالاشاہ کاکو میں قرنطینہ سینٹر کا دورہ کیا اور کو رونا کے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامات پر اظہار اطمینان کیا۔

بعد ازاں 8 کلب رورڈ پر میڈیا سے گفتگو میں عثمان بزدار نے بتایا کہ ڈی جی خان قرنطینہ میں زیر علاج 800 میں سے 600 افراد کے ٹیسٹ کلیئر ہوچکے ہیں جنہیں جمعرات کو گھر بھیج دیا جائےگا۔ 

انہوں نے بتایا کہ لاہور کیمپ جیل  سے 3500 قیدیوں کو رہا کیا جارہا ہے اور جیل میں 100 بستروں پر مشتمل اسپتال بنایا جارہا ہے ، ڈاکٹروں اور دیگر عملے کے لیے اسپیشل رسک الاؤنس کی منظوری دی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کورونا آرڈیننس فوری نافذ کیا جارہا ہے جس کے تحت  سول ایوی ایشن عملے کی بھی اسکریننگ کی جائے گی۔

عثمان بزدار نے مزید کہا کہ وفاق کی طرح حکومت پنجاب بھی جلد سوشل پروٹیکشن پیکیج دے گی۔

پنجاب میں کورونا وائرس کی صورتحال

بدھ کے روز ملک کے سب سے بڑی آبادی والے صوبے میں کورونا وائرس سے دوسری ہلاکت ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا ایک خاتون مریض انتقال کرگئیں،خاتون 21 مارچ سے زیرعلاج تھیں اور بیرون ملک سے وطن واپس آئی تھیں۔

پنڈی میں خاتون کی ہلاکت کے بعد ملک میں اب تک مہلک وائرس 8 افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی لاہور کے میو اسپتال میں ایک مریض انتقال کرگیا تھا۔

مزید خبریں :