Time 26 مارچ ، 2020
پاکستان

سندھ: یومیہ اجرت والوں اور غریبوں کو راشن کیلیے 580 ملین روپے جاری

کراچی: سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کے دوران یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں اور غریبوں کو راشن کی فراہمی کے لیے 580 ملین روپے جاری کردیے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں اہم اجلاس  ہوا جس میں چیف سیکریٹری، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ، پرنسپل سیکریٹری اور آئی جی جیل خانہ جات شریک ہوئے۔

اجلاس  میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری جیلوں میں 16 ہزار سے زائد قیدی ہیں، چاہتا ہوں جیلوں میں قیدیوں کی تعداد کم کی جائے،  جو قیدی معمولی کیس میں بند ہیں یا اپنی سزا پوری کر چکے ہیں لیکن ضامن نہ ہونے کی وجہ سے بند ہیں ان کو رعایت دی جائے جب کہ جو قیدی اپنی سزا پوری کر چکے ہیں لیکن جرمانہ دینے کے قابل نہیں ان کا جرمانہ حکومت ادا کرے دی۔

سندھ حکومت کا قیدیوں کے جرمانے خود ادا کرنے کا فیصلہ

مراد علی شاہ نے آئی جی جیل کو ہدایت دی کہ ہر ایک قیدی کی تفصیل بشمول اس کا جرم، قیدی کی عمر، جیل میں آنے کی تاریخ، انڈر ٹرائل ہے یا سزا یافتہ اور قیدی کی صحت کے حوالے سے فہرست بناکر بھیجی جائے، پھر قانون کے حساب سے دیکھیں گے کہ کتنے قیدیوں کو چھوڑ سکتے ہیں۔

ہر ضلع میں 20 ملین دیے جائیں گے

دوسری جانب  وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے غریب اور روزانہ اجرت کمانے والوں کو راشن فراہم کرنے کے لیے 580 ملین روپے جاری  کردیے۔

ترجمان کے مطابق ہر ضلع میں 20 ملین روپے دیئے جائیں گے تاکہ روزانہ اجرت پر کام کرنے والوں میں راشن تقسیم ہوسکے۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سیکریٹری خزانہ نے فنڈز منتقل کردیئے۔

مزید خبریں :