Time 24 مارچ ، 2020
پاکستان

سندھ میں عوام تک مالی مدد اور راشن پہنچانےکیلیےکمیٹی تشکیل

فوٹو فائل—

کراچی: کورونا وائرس کے سبب موجودہ لاک ڈاؤن کی صورتحال میں سندھ حکومت نے عوام تک مالی مدد اور راشن پہنچانے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔

وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی میں صوبائی وزیر امتیاز شیخ، وزیراعلیٰ سندھ کےمعاون خصوصی وقارمہدی اور وزیراعلیٰ سندھ کے کوآرڈینیٹر حارث گزدر شامل ہیں۔

ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق مطابق کمیٹی طے کرے گی کہ راشن کہاں دیا جائے اور کہاں کیش ٹرانسفر کیا جائے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے کمیٹی کو ہدایت کی  ہے کہ بنیادی اشیاء غریب عوام تک پہنچائی جائیں اور فلاحی تنظیمیں اپنے فلاحی کام جاری رکھیں۔

ترجمان نے بتایا کہ سندھ حکومت فلاحی تنظیموں سے مل کر کام شروع کر رہی ہے۔

اس حوالے سے ہونے والے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ دہاڑی دار اور مستحقین کی مدد ہو۔

انہوں نے بتایا کہ ہم ایک موبائل سروس شروع کر رہے ہیں جس کے تحت ایک نمبر ہم عوام کو دیں گے اورجس کو راشن چاہیے وہ اس نمبرپر ایس ایم ایس کردے۔

سندھ میں کورونا وائرس کے متاثرین

سندھ میں آج اب تک کورونا وائرس کے 5 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی تعداد 392 ہوگئی۔

سرکاری پورٹل پر سندھ میں کورونا وائرس کے 5 کیسز میں اضافہ بتایا جارہا ہے جب کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی نے بھی صوبے میں 392 کیسز کی تصدیق کی ہے تاہم صوبائی حکومت کے ترجمان کی جانب سے کیسز میں اضافے کی تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔

سندھ میں اب تک کورونا سے 4 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جن میں سے 3 کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے جب کہ ایک مریض انتقال کرچکا ہے

مزید خبریں :