Time 04 اپریل ، 2020
پاکستان

’لاک ڈاؤن سے ریلوے کو ہر ہفتے ایک ارب 20 کروڑ کا نقصان ہورہا ہے‘

فائل فوٹو: شیخ رشید

لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہےکہ کورونا کے باعث لاک ڈاؤن سے پاکستان ریلوے کو ہر ہفتے ایک ارب 20 کروڑ کا نقصان ہورہا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم حکومت کے فیصلے کے پابند ہیں لیکن لاک ڈاون ختم کیا تو 20 مسافر ٹرینیں چلائیں گے، ٹرینیں چلانے کے لیےلوگوں کا اصرار ہے اور مجبوریاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک ارب 20 کروڑ روپے کا ہر ہفتے نقصان ہورہا ہے، 15 تاریخ سے وزیراعظم کی اجازت سے ریلوے کی فریٹ شروع کریں گے، لاک ڈاون سے پہلے ہم نے رکارڈ بیس ٹرینیں چلائی ہیں، ہم آخری 2 روز میں 40 ٹرینیں نہ چلاتے تو کراچی میں لوگ ایڑیاں رگڑ رہے ہوتے، ہم نےآخری 2 روز میں 40 ٹرینوں سے ایک لاکھ 65 ہزار مسافروں کو منتقل کیا، ریلوےنے آخری 2 روز میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے کے پیشنرز اور تنخواہ داروں کو کوئی پریشانی نہیں ہوگی، ایک لاکھ 65 ہزار لوگوں کو ہم نے ریلوے سے گھروں کو بھیجا ہے، ہمارے پاس 1670کولی ہیں، ان تمام کا ڈیٹا احساس پروگرام میں بھیجا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان ریلوےمیں کوئی ملازم کورونا کا شکار نہیں ہوا جب کہ ہمارے ہاں دیگر ممالک کےمقابلے حالات بہت بہتر ہیں، 14 اپریل کو کورونا کی صورتحال واضح ہوجائے گی، اگر وائرس بڑھا تو 15 اپریل کو ٹرینیں نہیں چلائیں گے۔

مزید خبریں :