06 اپریل ، 2020
چیئرپرسن ڈاکٹرثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ 'احساس ایمرجنسی کیش پروگرام' میں شامل ہونے کیلئے 8171 پر شناختی کارڈ نمبر بھیجیں۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت اور احساس پروگرام چیئرپرسن ڈاکٹرثانیہ نشتر نے کہا کہ اب تک3 کروڑ 45 لاکھ 26 ہزار 150 افراد ایس ایم ایس بھیج چکے ہیں۔
گزشتہ روز اسلام آبادمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشترکاکہنا تھاکہ وفاقی حکومت کورونا وائرس کے تناظر میں'احساس ایمرجنسی کیش پروگرام' کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد مستحق خاندانوں کے لیے 12 ہزار روپے فی خاندان کی نقد امدادی رقم فراہم کررہی ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے باعث 1200 ارب روپے کے معاشی پیکیج کا بھی اعلان کیا ہے جب کہ وزیراعظم نے تعمیراتی انڈسٹری کو چلانے کے لیے ایمنسٹی بھی دی ہے۔ْ
پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث ملک میں اموات کی تعداد 50 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 3200 سے تجاوز کرگئی ہے۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک بھر میں جزوی لاک ڈاؤن ہے جب کہ زیادہ تر کاروباری سرگرمیاں ختم ہوکر رہ گئی ہیں، حکومت کی جانب سے دیہاڑی دار اور ضرورت مند طبقے کی امداد کے لیے 'کورونا ریلیف ٹائیگر فورس' کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔