پاکستان
Time 06 اپریل ، 2020

طورخم سرحد افغان شہریوں کی واپسی کیلیے یکطرفہ طور پر کھول دی گئی

پاکستان نے افغان حکومت کی درخواست پر کورونا وائرس کے باعث پھنسے افغان شہریوں کی واپسی کے لیے سرحد کو 3 روز کے لیے کھولا ہے۔

خیبر: کورونا وائرس کے باعث پاکستان میں پھنسے افغان شہریوں کی واپسی کے لیے طورخم سرحد کو عارضی طور پر کھول دیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق طورر خم سرحد 9 اپریل تک کھلی رہے گی جس سے صرف افغان شہریوں کو واپس جانے کی اجازت ہو گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 9 اپریل تک یومیہ ایک ہزار افغان شہری واپس اپنے ملک جا سکیں گے۔

سیکیورٹی حکام کا بتانا ہے کہ طورخم سے بڑی تعداد میں افغان شہری افغانستان واپس جا رہے ہیں جب کہ پیدل افغانستان جانے والوں کو بائیو میٹرک سسٹم سے گزارا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر اپنی تمام سرحدوں کو بند کر رکھا ہے لیکن افغانستان کی درخواست پر پاکستان میں پھنسے افغان شہریوں کو واپس بھیجنے کے لے سرحد کو عارضی طور پر کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مزید خبریں :