06 اپریل ، 2020
سماجی رابطوں کے مقبول ترین پلیٹ فارم فیس بک نے آخر کار میسنجر ڈیسک ٹاپ ایپ متعارف کروا دی جس سے اب صارفین اپنے کمپیوٹر سے دوستوں اور خاندان والوں کے ساتھ پیغامات اور ویڈیو چیٹ بھی کر سکیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صارفین فیس بک میسنجر ڈیسک ٹاپ ایپ مائیکرو سافٹ اسٹور اور میک ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں جس کے بعد آپ اپنے دوستوں اور خاندان والوں سے کمپیوٹر پر بھی ویڈیو چیٹ کر سکیں گے۔
دوسری جانب فیس بک میسنجر کی ڈیسک ٹاپ ایپ پر صارفین کے لیے 'ڈارک موڈ' بھی دستیاب ہے جو کہ چند ماہ قبل فیس بک موبائل ایپ پر متعارف کرایا گیا تھا۔
خیال رہے کہ عالمگیر وبا کورونا وائرس کے پیشِ نظر ویڈیو کالنگ ایپس کے استعمال میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے کیونکہ لاک ڈاؤن کے باعث تعلیمی اداروں اور دفتر کا کام گھر بیٹھے آن لائن ہی کیا جا رہا ہے۔