Time 27 مارچ ، 2020
سائنس و ٹیکنالوجی

کورونا کے باعث واٹس ایپ کے استعمال میں 40 فیصد اضافہ

عالمی وبا کورونا کے باعث واٹس ایپ کے استعمال میں 40 فیصد اضافہ—فوٹو فائل

عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث سماجی رابطوں کی ایپس میں سب سے زیادہ استعمال واٹس ایپ کا دیکھا گیا ہے۔

نئے ڈیٹا اور کنسلٹنگ فرم کینٹر کی رپورٹ کے مطابق عالمی وبا کورونا نے جب سے پوری دنیا پر حملہ کیا اس وقت سے اب تک واٹس ایپ کے استعمال میں 40 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ ڈیٹا کے مطالعے کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران صارفین نے واٹس ایپ پر ویڈیو چیٹ، کالز اور میسجنگ سروس کا استعمال زیادہ کر دیا ہے جس کی ایک اہم وجہ لاک ڈاؤن کے سبب گھروں سے دفاتر کے کام کرنے کے لیے ایک دوسرے سے رابطہ کرنا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ وبا کی شروعات کے دوران صرف 27 فیصد اس کے استعمال میں اضافہ دیکھا گیا تھا لیکن اب یہ 41 فیصد تک پہنچ گیا ہے، تاحال ممالک کے اعتبار سے تو درجہ بندی نہیں کی گئی لیکن یہ بات سامنے آئی ہے کہ سب سے زیادہ اس کا استعمال میں اضافہ اسپین میں ہوا ہے۔

واٹس ایپ استعمال کرنے میں جو 40 فیصد اضافہ ہوا ہے اس میں 35 برس سے کم عمر افراد زیادہ ہیں یعنی استعمال کرنے والے زیادہ صارفین کی عمر 18 سے 34 برس کے درمیان ہے۔

واٹس ایپ کے ساتھ فیس بک اور انسٹاگرام کے استعمال میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل عالمی ادارہ برائے صحت (ڈبلیو ایچ او) اور یونائیٹڈ نیشنز ڈیولپمنٹ پروگرام (یو این ڈی پی) نے مشترکہ طور پر واٹس ایپ پر ایک ایسا میسیجنگ پلیٹ فارم بھی تیار کیا ہے جہاں صارفین کووڈ-19 سے متعلق تازہ ترین معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ہدایت کے مطابق دنیا بھر میں موجود تمام لوگ اس پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھانے کے لیے آفیشل نمبر (41798931829+) اپنے فون میں محفوظ کریں۔

مزید خبریں :