پاکستان
Time 12 اپریل ، 2020

احساس کفالت پروگرام کی آڑ میں فراڈ کرنے والے کئی نمبرز بلاک

فوٹو: فائل

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے احساس کفالت پروگرام کی آڑ میں جعلی پیغامات بھیجنے والے کئی موبائل فون نمبرز بلاک کر دیئے۔

تفصیلات کے مطابق متعدد لوگوں کی جانب سے پی ٹی اے کو شکایات درج کرائی گئی تھیں کہ احساس کفالت پروگرام سے متعلق انہیں جعلی پیغامات موصول ہوئے ہیں جو ان سے ٹیکسٹ میسج کے ذریعے سے شناختی کارڈ نمبر اور دیگر تفصیلات مانگ رہے تھے۔

پی ٹی اے نے لوگوں کے ساتھ فراڈ کرنے والے نمبرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 8 نمبروں کو بلاک کر دیا اور انہیں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو بھیج دیا ہے جو کہ اس فراڈ کے پیچھے چھپے لوگوں کا پتا لگائے گا۔

حکام کی جانب سے لوگوں کو نصیحت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی موبائل نمبر سے اپنی ذاتی تفصیلات شیئر نہ کریں، اور عوام کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع دینا چاہتے ہیں تو وہ 55055-0800 اس نمبر پر کال کر کے شکایت درج کر اسکتے ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بھی لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ جب تک انہیں 8171 سے کوئی پیغام موصول نہ ہو جائے اس وقت تک وہ رقم لینے کے لیے گھروں سے نہ نکلیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے جب تک لاک ڈاؤن کی صورتحال ختم نہیں ہوتی تک تب احساس پروگرام کے تحت مستحق ایک کروڑ 20لاکھ خاندانوں کو پیسے فراہم کیے جائیں گے،17 ہزار مقامات سے 12ہزار روپے مستحق افراد میں تقسیم ہونگے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم 144 ارب روپے نچلے طبقے تک تقسیم کر دیں گے، احساس پروگرام میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہیں ہے، ایس ایم ایس کے ذریعے لوگوں کا ڈیٹا آ رہا ہے جن کی جانچ نادرا سے کرائی جائے گی۔

مزید خبریں :