پاکستان
Time 21 اپریل ، 2020

ملک میں کورونا سے مزید 18 اموات، 536 نئے کیسز بھی سامنے آگئے

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 18 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ملک میں مہلک وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 207 ہو گئی ہے جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 9666 تک پہنچ گئی۔

207 ہلاکتوں میں سے اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں 80 افراد کا انتقال اس وائرس کی وجہ سے ہو چکا ہے۔ سندھ میں 66، پنجاب میں 49، بلوچستان میں 6 جب کہ گلگت بلتستان اوراسلام آباد میں تین، تین افراد اس مہلک وائرس کے باعث ہلاک ہوئے۔

کُل ٹیسٹ: 111,806
صحتیاب مریض: 2066
(کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق)

آج کے کیسز کی صورتحال

آج بروز منگل ملک بھر سے کورونا کے مزید 536 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 18 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں جن میں سے سندھ میں 286 کیسز اور 5 ہلاکتیں، پنجاب 144 کیسز 7 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا میں 69 کیسز 6 ہلاکتیں، بلوچستان میں 30 ، اسلام آباد 4 کیسز ، گلگت بلتستان میں 2 اور آزاد کشمیر میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

سندھ

سندھ میں منگل کو مزید 286 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی اور 5 افراد وائرس سے انتقال کرگئے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کے مطابق سندھ میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 66 اور متاثرہ مریضوں کی تعداد 3053 ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ 665 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پنجاب

پنجاب میں آج کورونا وائرس کے مزید 144 کیسز سامنے آئے جب کہ 7 ہلاکتیں بھی ہوئیں۔

پنجاب میں نئے کیسز کے بعد مصدقہ کیسز کی تعداد 4255 اور ہلاکتیں 49 ہوگئی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق 1857 تبلیغی ارکان، 742 زائرین، 97 قیدی اور 1545 عام شہری کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں اب تک 724 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے 4 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 185 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں اب تک وائرس سے 3ا فراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں آج کورونا وائرس کا ایک کیس سامنے آیا جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیا گیا ہے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی تعداد 50 ہوگئی ہے۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں منگل کو  69 نئے کیسز اور 6 ہلاکتیں سامنے آئیں جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 80 تک پہنچ گئی جب کہ مجموعی کیسز 1345 ہوگئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں اب تک 335 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں منگل کو کورونا وائرس کے مزید 30 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 495 ہوگئی ہے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد بھی 6 ہوگئی ہے جب کہ صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 161 ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں منگل کو مزید 2 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 283 ہو گئی جب کہ اب تک 198 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق گلگت میں زیر علاج افراد کی مجموعی تعداد 82 رہ گئی ہے اور صحتیابی کا تناسب 73 فیصد سے زائد ہے۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

دنیا بھر میں کورونا کے کیسز کی صورتحال

کورونا وائرس کی ایک اور علامت سامنے آگئی

 کورونا وائرس کی ایک اور نئی علامت سامنے آئی ہے جس کا تعلق جِلد سے ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ شخص میں پاؤں کی انگلیوں میں انفیکشن یا پاؤں کی انگلیاں نیلی ہونے کی علامت بھی ظاہر ہوئی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

کووڈ19: کیا سبزیوں، پھلوں اور پیک چیزوں کو صاف کرنا ضروری ہے؟

حال ہی میں لوگوں کے درمیان کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے کہ آیا وائرس باہر سے خریدے جانے والے پھل، سبزیوں یا سپر مارکیٹ سے خریدے جانے والے پیک فوڈ کی پیکنگ سے بھی پھیل سکتا ہے؟ مزید پڑھیں۔۔

رمضان میں مساجد میں عبادات کیلیے 20 نکات پر اتفاق

حکومت اور علماء کے درمیان اتفاق رائے سے رمضان المبارک کے لیے احتیاطی تدابیر کا لائحہ عمل طے ہوگیا ہے۔ 

ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع

حکومت نے کورونا وائرس کے بعد ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے کی توسیع کا اعلان کردیا۔

تاہم تعمیراتی صنعت کے ساتھ کیمیکلز مینوفیکچرنگ پلانٹس، ای کامرس، پیپر، سیمنٹ، فرٹیلائزرز، مائنز، منرلز، لانڈری ، ڈرائی کلیننگ اور دیگر انڈسٹریز کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

سرحدیں 30 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ

وزارت داخلہ نےکورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر تمام سرحدیں مزید 2 ہفتے تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔ مزید پڑھیں۔۔

ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

پروازوں پر عائد پابندی میں 30 اپریل تک توسیع

سول ایوی ایشن نے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں 30 اپریل تک توسیع کردی ہے۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پابندی میں توسیع کا نوٹم جاری کردیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

کورونا سے مرنے والوں کی تدفین کیلیے گائیڈ لائنز

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔ مزید پڑھیں۔۔

مزید خبریں :