23 اپریل ، 2020
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ کورونا پاکستان کے تمام اضلاع میں پھیل چکا ہے۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا مقامی طور پر پھیلنے کی شرح 79 فیصد ہے، محدود وسائل کے باوجود کورونا کی روک تھام کے لیے کوشاں ہیں۔
ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں، لیکن بہت سی چیزیں ہمارے کنٹرول میں ہیں، ہم سب کو زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے 230 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
230 ہلاکتوں میں سے اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 83 افراد انتقال کرچکے ہیں۔
اس کے علاوہ سندھ میں 73، پنجاب میں 60، بلوچستان میں8 جب کہ گلگت بلتستان اوراسلام آباد میں تین، تین افراد اس مہلک وائرس کے باعث ہلاک ہوئے ہیں۔