Time 23 اپریل ، 2020
پاکستان

ملک میں کورونا سے مزید 17 اموات، ہلاکتیں 237 اور کیسز 11145 تک پہنچ گئے

پاکستان میں کورونا وائرس سے  آج مزید 17 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ملک میں مہلک وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 237 ہوگئی جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 11145 تک پہنچ گئی ہے۔

237 ہلاکتوں میں سے اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 85 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

اس کے علاوہ سندھ میں 73، پنجاب میں 65، بلوچستان میں8 جب کہ گلگت بلتستان اوراسلام آباد میں تین، تین افراد اس مہلک وائرس کے باعث ہلاک ہوئے۔

کُل ٹیسٹ: 124,549
صحتیاب مریض: 2337
(کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق)

آج کے کیسز کی صورتحال

آج بروز جمعرات ملک بھر سے کورونا وائرس کے 642 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 17 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں جن میں سے سندھ میں 298 کیسز اور 4 ہلاکتیں،   پنجاب میں 177 کیسز 9 ہلاکتیں، اور  بلوچستان میں 55 کیسز 2 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا میں 88 کیسز 2 ہلاکتیں، اسلام آباد میں 10، گلگت بلتستان میں 10 اور آزاد کشمیر میں 4 کیسز رپورٹ ہوئے۔

سندھ

سندھ میں آج کورونا کے مزید 298 کیسز سامنے آئے اور 4 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔

مراد علی شاہ کے مطابق نئے کیسز کے بعد صوبے میں کل مریضوں کی تعداد 3671 اور ہلاکتیں 73 ہوگئی ہیں جن میں سے 67 ہلاکتیں کراچی میں ہوئی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں رپورٹ کیسز میں ہلاکتوں کی شرح 1.98 فیصد ہے  جب کہ سندھ میں کل 2934 مریض زیرعلاج ہیں۔

صوبائی حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 15 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 730 ہوگئی ہے۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 177 کیسز اور 9 ہلاکتیں سامنے آئیں جس کے بعد صوبے میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 65 ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے مطابق صوبے میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 4767 ہوگئی ہے جبکہ صوبے میں اب تک وائرس سے 905 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 10 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 204 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں اب تک وائرس سے 3ا فراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں آج کورونا کے مزید 55 کیسز سامنے آئے جبکہ مزید 2 ہلاکتیں بھی سامنے  آئیں جس کی تصدیق محکمہ صحت کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 607 اور ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں اب تک کورونا کے 168 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں جمعرات کو 88 نئے کیسز اور 2 ہلاکتیں سامنے آئیں جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 85 تک پہنچ گئی جب کہ مجموعی کیسز 1541 ہوگئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں اب تک 455 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں جمعرات کو مزید 10 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 300 ہوگئی جب کہ اب تک 212 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق گلگت میں زیر علاج افراد کی مجموعی تعداد 85 رہ گئی ہے اور صحتیابی کا تناسب 73 فیصد سے زائد ہے۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں جمعرات کو کورونا وائرس کے 4 نئے کیسز سامنے آئے جس کی تصدیق آزاد کشمیر کے فوکل پرسن برائے کورونا ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر نے کی۔

نئے کیسز سامنے آنے کے بعد علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 55 ہوگئی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا کے کیسز کی صورتحال

ڈاکٹرز کا لاک ڈاؤن میں نرمی اور مساجد کھولنے کے فیصلے پر نظر ثانی  کا مطالبہ

ملک بھر کے ڈاکٹرز نے حکومت سے لاک ڈاؤن میں نرمی اور علماء سے مساجد کھولنے کے فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ  لاک ڈاؤن نرم ہوتے ہی کورونا کے مریض بڑھنے لگے، جتنے ڈیڑھ ماہ میں نہیں آئے، اس سے دُگنے کیسز 5 دنوں میں آگئے، اگر مریضوں کی تعداد ایسے ہی بڑھی تو اسپتال کم پڑ جائیں گے۔ مزید پڑھیں۔۔

رمضان المبارک میں کورونا ٹیسٹ کرانے سے روزہ نہیں ٹوٹے گا: فتویٰ

متحدہ عرب امارات کی فتویٰ کونسل نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں کورونا ٹیسٹ کرانے سے روزہ نہیں ٹوٹے گا۔ مزید پڑھیں۔۔

ٹرمپ کی کورونا ٹیسٹ کیلیے پاکستان کو جدید مشین دینے کی پیشکش

وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں ٹرمپ نے کورونا ٹیسٹ کیلیے جدید مشینری کی پیشکش کی۔ مزید پڑھیں۔۔

رمضان میں مساجد میں عبادات کیلیے 20 نکات پر اتفاق

حکومت اور علماء کے درمیان اتفاق رائے سے رمضان المبارک کے لیے احتیاطی تدابیر کا لائحہ عمل طے ہوا جس کے نکات یہ ہیں۔

ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع

حکومت نے کورونا وائرس کے بعد ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے کی توسیع کا اعلان کردیا۔

تاہم تعمیراتی صنعت کے ساتھ کیمیکلز مینوفیکچرنگ پلانٹس، ای کامرس، پیپر، سیمنٹ، فرٹیلائزرز، مائنز، منرلز، لانڈری ، ڈرائی کلیننگ اور دیگر انڈسٹریز کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

سرحدیں 30 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ

وزارت داخلہ نےکورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر تمام سرحدیں مزید 2 ہفتے تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔ مزید پڑھیں۔۔

ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

پروازوں پر عائد پابندی میں 30 اپریل تک توسیع

سول ایوی ایشن نے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں 30 اپریل تک توسیع کردی ہے۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پابندی میں توسیع کا نوٹم جاری کردیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

کورونا سے مرنے والوں کی تدفین کیلیے گائیڈ لائنز

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔ مزید پڑھیں۔۔

مزید خبریں :