27 اپریل ، 2020
پاکستان نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے ایل اوسی پر بھارتی فائرنگ اور گولہ باری پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ بھارت کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے، بھارتی افواج لائن آف کنٹرول پر تسلسل سے شہری آبادی کو بھاری اسلحہ سے نشانہ بنا رہی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔
خیال رہے کہ بھارتی فوج نے ایک بار پھر ایل او سی کے قریب کھوئی رٹہ اور جندروٹ سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی اور خود کار ہتھیاروں اور راکٹوں سے جان بوجھ کر شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا ہے۔
بھارتی فوج کی فائرنگ اور گولہ باری سے 36 سالہ خاتون یاسمین شہید ہوگئی جب کہ ایک 8 سال کی بچی بھی زخمی ہوئی ہے ۔