کورونا کیخلاف جنگ میں عدم اتفاق کے ذمہ دار وزیراعظم ہیں: بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری  کا کہنا ہے کہ  کورونا کے خلاف جنگ میں اتفاق رائے کا فقدان ہے جس کے ذمہ دار وزیراعظم عمران خان ہیں۔

کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین  پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ  ہم کورونا کی صورتحال میں استعفیٰ نہیں مانگ رہے بلکہ ہم تو  شروع دن وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان کو چاہیے کہ اس مشکل صورتحال میں خود استعفیٰ دے کر کرسی پر کسی اور کو بٹھائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی اتفاق رائے کی ذمہ داری وفاقی حکومت کی ہوتی ہے ، وزیراعظم تمام صوبوں کو ایک صفحے پر لانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں،وفاق کی پالیسی کے تحت صوبوں نے اپنی مشکلات کو خود سنبھالنا ہے تو پھر وفاق اسلام آباد تک محدود ہوجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج بھی کورونا سے نمٹنے کیلئے  صوبائی حکومت کی مدد کر رہی ہے،کورونا پر قابو پانے کے لیے سندھ میں فیز ٹو شروع کررہے ہیں جس کے لیے سب کے تعاون کی ضرورت ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں تعلیمی نظام میں بہت بہتری کی گنجائش ہے،جس طرح آج صحت کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اسی طرح یہ ضرورت تعلیمی نظام کے لیے بھی ہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 476 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

کورونا سے نمٹنے کی کوئی یکساں حکمت عملی نہیں، سپریم کورٹ

دوسری جانب سپریم کورٹ میں کورونا وائرس سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کےدوران عدالت نے ریمارکس دیے ہیں کہ ملک میں کورونا سے نمٹنے کی کوئی یکساں حکمت عملی نہیں، حکومت نے مارکیٹیں بند کرکے مساجد کھول دیں،کیا مساجد سے کورونا وائرس نہیں پھیلے گا؟ 90فیصد مساجد میں ریگولیشنز پر عمل نہیں ہو رہا۔

چیف جسٹس  نے کہا کہ  جامع پالیسی بنا کر تمام فیکٹریوں کو کام کی اجازت ملنی چاہیے، وفاقی حکومت کی پالیسی صرف 25 کلومیٹر تک محدود ہے، ایک وزیر کچھ کہہ رہا ہوتا ہے تو دوسرا کچھ کہتا ہے۔

5 رکنی بینچ میں شامل جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ ایک ہفتے کا وقت دیتے ہیں کورونا سے متعلق یکساں پالیسی بنائیں ، ورنہ عبوری حکم جاری کریں گے۔

مزید خبریں :