06 مئی ، 2020
امریکا اور برطانیہ نےکورونا وائرس کی تحقیق اور ویکسین کی تیاری میں مصروف طبی ماہرین کو خبردار کیا ہےکہ منظم مجرموں کا گروہ کچھ ریاستی عناصر کے ساتھ مل کر ان کی تحقیق پر سائبر حملے کر سکتا ہے۔
بین البحر الکاہل اتحادیوں کی سائبر سیکیورٹی ایجنسیوں نے صحت کی دیکھ بھال اور طبی تحقیقی عملے پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے پاس ورڈ مزید محفوظ بنائیں۔
برطانیہ کے نیشنل سائبر سیکیورٹی سینٹر اورامریکی سائبر سیکیورٹی اینڈ انفراسٹرکچر سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق انہوں نے کورونا وائرس سے متعلق ڈیٹا کی چوری کے لیے بدنیتی پر مبنی سائبر مہم پکڑی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہیکرز عام طور پر استعمال کیے جانے والے پاس ورڈ کے ذریعے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دونوں ملکوں کی سیکیورٹی ایجنسیوں نے خبردار کیا کہ ہیکر قومی اور بین الاقوامی صحت کی نگہداشت کرنے والی تنظیموں، دوا ساز کمپنیوں ، تحقیقی اداروں اور مقامی حکومتوں پر سائبر حملے کر سکتے ہیں۔