Time 07 مئی ، 2020
پاکستان

بلوچستان مزید ایک ہفتہ ٹیسٹ کے نتائج دیکھ کر لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کریگا

 بلوچستان حکومت نے دور روز قبل ہی صوبے میں جاری لاک ڈاؤن میں 19 مئی تک توسیع کا اعلان کیا تھا،فوٹو:فائل

بلوچستان حکومت نے  فیصلہ کیا ہےکہ مزید ایک ہفتہ ہونے والے کورونا ٹیسٹ کے نتائج کی بنیاد پرلاک ڈاؤن میں نرمی کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں صوبے میں کورناوائرس کے اثرات اور لاک ڈاؤن کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مزید ایک ہفتہ  کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے نتائج کی بنیاد پر لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کیا جائے گا اور  صورتحال سے متعلق تاجروں کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1663 ہوچکی ہے جب کہ 22 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

 اجلاس میں طے کیا گیا کہ صوبے میں اس بار سرکاری سطح پر عیدالفطر انتہائی سادگی سے منائی جائے گی جب کہ حکومت کی جانب سے  عوام سے بھی عید سادگی سے منانے کی اپیل کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں کوئٹہ میں کورنا وائرس کے کیسز میں ہونے والے غیر متوقع اضافے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے  مارچ سے ملک بھر میں نافذالعمل لاک ڈاؤن میں 9 مئی سے نرمی کا فیصلہ کیا ہے۔

 قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہفتے سے مرحلہ وار لاک ڈاؤن کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ فیصلہ تمام صوبوں کے ساتھ مل کرکیا ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان حکومت نے دور روز قبل ہی صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر جاری لاک ڈاؤن میں 19 مئی تک  توسیع کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں :