گوگل نے کورونا کے دوران ذہنی دباؤ پر قابو پانے کیلئے چند تجاویز پیش کردیں

گوگل نے اس مشکل وقت میں چند ایسی تجاویز شیئر کی ہیں جس سے آپ ذہنی دباؤ پر قابو پا سکتے ہیں۔۔۔۔۔

عالمی وبا کورونا وائرس نے دنیا کے تمام تر نظام کو ٹھپ کردیا ہے اور  پوری دنیا میں متعدد دفاتر کے ملازمین گھروں میں رہ کر ہی اپنا کام کر رہے ہیں۔

دوسری جانب تمام تر اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیاں بھی بند ہیں اور ایسے میں تمام تر کام آن لائن ہی کیا جا رہا ہے اور اس وجہ سے لوگ ذہنی تناؤ کا بھی شکار ہوگئے ہں۔

کورونا وائرس کی وجہ سے لوگوں کی دماغی صحت سب سے زیادہ متاثر ہورہی ہے جس کو دیکھتے ہوئے معروف کمپنی گوگل نے اس مشکل وقت میں چند ایسی تجاویز پیش کی ہیں جس سے آپ ذہنی دباؤ پر قابو پا سکتے ہیں۔

گوگل نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر کووڈ-19 یعنی کے کورونا وائرس کے دوران ذہنی دباؤ اور اسٹریس پر قابو پانےکے لیے 5 تجاویز شیئر کیں۔

تو چلیں جانتے ہیں کہ وہ 5 تجاویز کیا ہیں۔

گوگل کی جانب سے بتائی جانے والی پہلی تجویز کے مطابق اگر آپ دباؤ کا شکار ہیں تو اطمینان اور سکون کے ساتھ لمبی سانس لیں اور پھر اس بات پر غور کریں کہ آپ کیسا محسوس کر رہے ہیں۔

گوگل کے مطابق اگر آپ کورونا وائرس کی وجہ سے ذہنی دباؤ سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتے ہیں تو کچھ وقت کووڈ-19 سے متعلق مواد سے دور رہیں۔

گوگل کی تجویز کے مطابق ذہنی دباؤ پر قابو پانے کے لیے ورزش اور بھرپور نیند کے لیے وقت نکالیں۔

کورونا کی وجہ سے لاک ڈاؤن میں اگر آپ باہر نہیں نکل سکتے اوراپنے دوستوں اور گھر والوں سے دور ہیں تو ان سے آپ ویڈیو اور آڈیو کال کے ذریعے جڑے رہیں۔

اگر کورونا کی وجہ سے آپ بے حد ذہنی تناؤ اور اضطراب کا شکار ہیں اور اپنے آپ کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں تو اس کے لیے کسی ڈاکٹر یا کاؤنسلر سے مدد طلب کریں۔ 

مزید خبریں :