وزیراعلیٰ پنجاب شوگر انکوائری کمیشن کے سامنے پیش ہوگئے

اسلام آباد: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار شوگر انکوائری کمیشن میں پیش ہوگئے۔

ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء کی سربراہی میں ملک میں حالیہ چینی بحران کی تحقیقات کرنے والے کمیشن نے آج وزیراعلیٰ پنجاب کو طلب کیا تھا۔

جیونیوز کے مطابق عثمان بزدار کمیشن کے سامنے پیش ہونے کے لیے ایف آئی اے کے ہیڈ کوارٹر پہنچے جہاں انہوں نے کمیشن کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔

ذرائع نے بتایا کہ واجد ضیاء کی سربراہی میں کمیشن نے عثمان بزدار سے انکوائری کی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے شوگر ملز کو دی گئی سبسڈی کے فیصلے کا پس منظر بتایا اور محکمہ خوراک میں افسران کی تبدیلیوں کے پس منظرسے بھی کمیشن کو آگاہ کیا۔

خیال رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ ملک میں چینی بحران کاسب سے زیادہ فائدہ حکمران جماعت کے اہم رہنما جہانگیر ترین نے اٹھایا، دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی اور تیسرے نمبر پر حکمران اتحاد میں شامل مونس الٰہی کی کمپنیوں نے فائدہ اٹھایا۔

اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ اعلیٰ سطح کے کمیشن کی جانب سے مفصل فرانزک آڈٹ کا انتظار کررہے ہیں جو 25 اپریل تک کرلیا جائے گا تاہم بعد ازاں کمیشن کو رپورٹ پیش کرنے کے لیے مزید 3 ہفتوں کی مہلت دی گئی تھی۔

مزید خبریں :