خلیل الرحمان قمر کا اسلامی تاریخ پر مبنی ڈرامہ لکھنے کا اعلان

فائل فوٹو: خلیل الرحمان قمر

معروف ڈرامہ نگار اور مصنف خلیل الرحمان قمر نے اسلامی تاریخ پر مبنی ڈرامہ لکھنے کا اعلان کیا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ وہ ترک ڈرامے ارتغرل کی طرز پر ایک تاریخی پراجیکٹ پر کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہماری نئی نسل میں اپنے ایسے ہیروز کو متعارف کرانے کا ہے جنہیں وہ نہیں جانتے۔

خلیل الرحمان قمر کا کہنا تھا کہ انہوں نے عظیم اسلامی ہیرو پر ایک سیریل لکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے وہ تحقیق کررہے ہیں اور کئی کتابیں بھی پڑھ رہے ہیں جب کہ رواں ہفتے ہی ڈرامے کی تحریر بھی شروع کردیں گے۔

ڈرامہ نگار نے کہا کہ وہ ایک بار پھر ان کے شہرہ آفاق ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ کی کاسٹ کو لیں گے اور ڈرامے میں مرکزی ہیرو کا کردار اداکار ہمایوں سعید ادا کریں گے جب کہ ندیم بیگ اس ڈرامے کے ڈائریکٹر ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ 12 سال سے ہمایوں سعید سے اس طرح کا کوئی پراجیکٹ کرنے کا کہہ رہے ہیں لیکن محدود وسائل کی وجہ سے وہ اپنے خواب کو حقیقت میں نہیں بدل سکے۔

خلیل الرحمان قمر نے سیریل کی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیریل بین الاقوامی معیار کی ہوگی جس میں تمام حقائق موجود ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس پراجیکٹ کا باقاعدہ اعلان کرنے کے لیے جلد ہی اپنی ٹیم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے۔

اس موقع پر خلیل الرحمان قمر نے ارتغرل ڈرامے کی بھی تعریف کی اور اس کی کاسٹ کی زبردست حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ارتغرل مسلمانوں کا ہیرو تھا، چاہے یہ سیریل ترکی میں بنے یا کسی بھی ملک میں لیکن ہیرو تبدیل نہیں ہوتا۔

واضح رہے کہ سرکاری ٹی وی پی ٹی وی پر دکھائے جانے والے  ترکی ڈرامے ارتغرل نے پاکستان میں شہرت کی بلندیوں کو چھوا ہے۔

مزید خبریں :