14 مئی ، 2020
کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ محدود کرنے کیلئے جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو سخت لاک ڈاؤن ہوگا۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صوبے میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو کارروباری سرگرمیاں بندرہیں گی۔
محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق جمعے کو دوپہر 12 سے تین بجے تک ہر طرح کا کاروبار بند ہوگا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن کو 9 مئی سے مرحلہ وار ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے بعد سندھ حکومت نے بھی 9 مئی سے کاروباری سرگرمیوں کی اجازت دے دی تھی۔
سندھ حکومت نے پہلے صبح 5 سے شام 5 تک ہر طرح کے کاروبار کی ایس او پیز کے ساتھ اجازت دی تھی تاہم بعد ازاں اوقات کار صبح 6 سے شام 4 بجے تک کردیے گئے تھے۔
سندھ حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ ہفتے میں دو دن یعنی ہفتہ اور اتوار کاروبار مکمل طور پر بند رہیں گے البتہ جن صنعتوں اور دکانوں کو 9 مئی سے قبل استثنیٰ حاصل تھا وہ بدستور کھلے رہیں گے جن میں میڈیکل اسٹورز، جنرل اسٹورز ، پرچوں اور دودھ دہی کی دکانیں وغیرہ شامل ہیں۔