Time 18 مئی ، 2020
پاکستان

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مختلف شہروں میں مارکیٹس اور شاپنگ مالز کھل گئے

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز کھل گئے۔

مخلتف شہروں میں کاروبار بحال ہوگیا ہے اور  سڑکوں پر رکشہ ٹیکسی بھی  نظر آرہے ہیں جب کہ ٹریفک معمول سے خاصا زيادہ ہے۔

مختلف مارکیٹیں اور شاپنگ سینٹرز کھول دیے گئے ہیں اور تاجروں نے کاروبار شروع کردیا ہے جب کہ بڑی تعداد میں لوگوں نے بھی خریداری کیلئے بازاروں کا رخ کرلیا ہے۔

عدالتی فیصلے کےبعد راولپنڈی  اور اسلام آباد کے بھی تمام شاپنگ مالز کھول دیے گئے ہیں جب کہ دیگر تمام دکانوں کو بھی پورا ہفتہ کھلے رہنے کی اجازت ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ دکانیں شاپنگ مالز اور حجام کی دکانیں عید کے بعد بھی کھلی رہیں گی۔

سپریم کورٹ کا چھوٹی مارکیٹیں پورا ہفتہ کھلی رکھنے کا حکم

خیال رہے کہ کورونا وائرس ازخود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ نے  ملک بھر میں جزوی  لاک ڈاؤن کے باعث بند چھوٹی مارکیٹیں ہفتے اور اتوار کو بھی کھلی رکھنے اور شاپنگ مالز کھولنے کا حکم دیا ہے۔

سپریم کورٹ نے کورونا وائرس ازخودنوٹس کیس کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق مارکیٹیں اورکاروباری سرگرمیاں ہفتہ اتوار کو بندکرنا آئین کی خلاف ورزی ہے۔

تحریری فیصلے میں عدالت عظمیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب اور اسلام آباد کے ایڈوکیٹ جنرلز نے آج شاپنگ مالزکھولنےکی یقین دہانی کرائی ہے جب کہ سندھ میں شاپنگ مالز بند رکھنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی اس سلسلے میں سندھ وفاقی حکومت سے رجوع کرے۔

'دکانیں بند کرینگے تو دکاندار تو کورونا کے بجائے بھوک سے مرجائےگا'

دوران سماعت چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور کمشنر کراچی کو ہدایت دی کہ چھوٹے دکانداروں کو کام کرنے سے نہ روکیں، آپ دکانیں بند کریں گے تو دکاندار تو کورونا کے بجائے بھوک سے مرجائے گا، سِیل کی گئی مارکیٹس کو بھی کھولیں اور انہیں ڈرانے کے بجائے سمجھائیں۔

اس موقع پر عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ ضابطہ کار کے مطابق شام 5 بجے تمام مارکیٹس بند کی جائیں گی۔

مزید خبریں :