Geo News
Geo News

Time 18 مئی ، 2020
پاکستان

کورونا کیخلاف پیسو امیونائزیشن کے مثبت نتائج آرہے ہیں، وزیر صحت سندھ

پیسو امیونائیزیشن سے بڑی تعداد میں کورونا کے مریضوں کو وینٹیلیٹر پر جانے سے بچایا جا سکے گا، وزیر صحت سندھ ،فوٹو:فائل

 وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ سندھ میں ڈاکٹروں کی کاوشوں سے پیسو امیونائزیشن (Passive Immunization) کے مثبت نتائج آ رہے ہیں۔

اپنے ایک ویڈیو بیان میں ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ سندھ میں پہلی دفعہ پیسو امیونائزیشن کے کلینکل ٹرائل کی اجازت دی گئی اور پاکستان میں صوبہ سندھ میں پہلی دفعہ یہ تجربہ کیا گیا۔

صوبائی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ پیسو امیونائزیشن کے مثبت نتائج آ رہے ہیں، ابتدائی طور پر 11 کورونا کے مریضوں کو بذریعہ پلازمہ ٹریٹمینٹ دی گئی جن میں سے پہلے 3 مریض 9 ویں دن صحت یاب ہو کر گھر چلے گئے جب کہ 5 مریضوں کی حالت بہتر ہو رہی ہے۔

وزیر صحت سندھ کے مطابق 2 مریضوں کو وینٹی لیٹر کی ضرورت بھی پڑی جن کا علاج جاری ہے۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ پیسو امیونائزیشن سے بڑی تعداد میں کورونا کے مریضوں کو وینٹی لیٹر پر جانے سے بچایا جا سکے گا، یہ ٹرائل بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کی نگرانی میں ہو رہا ہے، اور مکمل طور پر معیاری ضابطہ کار (ایس او پیز) کے ساتھ اس پر عمل کیا جا رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ پلازمہ لیتے وقت تمام تر اخلاقی پہلوؤں کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے، اس سے نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 43 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 923افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز( این آئی بی ڈی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر شمسی کی تجویز پر گذشتہ ماہ محکمہ صحت سندھ نے کورونا وائرس کے علاج کیلئے پیسیو امیونائزیشن کی اجازت دی تھی جب کہ وفاق اور دیگر صوبائی حکومتیں بھی اس کی اجازت دے چکی ہیں۔

اس طریقہ کار میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے شخص کے خون سے اینٹی باڈیز لے کر متاثرہ شخص میں داخل کی جاتی ہیں اور یہ تجربہ کار اینٹی باڈیز وائرس کے خلاف جنگ میں اس کی مدد کرتی ہیں۔