Time 19 مئی ، 2020
پاکستان

غیرت کے نام پر دو لڑکیوں کے قتل کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل

شمالی وزیرستان پولیس نے غیرت کے نام پر دو لڑکیوں کے قتل کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی۔

قتل ہونے والی لڑکیوں کے ساتھ ویڈیو بنانے اور سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والے ملزم ایاز کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ لڑکیوں کو مبینہ طور پر قتل کرنے والے ملزم محمد اسلم کی گرفتاری کیلئے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شمالی وزیرستان شفیع اللہ گنڈاپور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے آئی جی کے حکم پر دو لڑکیوں کے قتل کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی میں تجربہ کار پولیس افسران شامل ہیں۔ ڈی پی او کے مطابق واقعے کا مقدمہ پولیس نے اپنی مدعیت میں درج کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی تفتیش سائنسی خطوط پر جاری ہے۔

ڈی پی او کے مطابق ویڈیو بنانے اور سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والے ملزمان گرفتار ہوچکے ہیں جبکہ لڑکیوں کو قتل کرنے والے ملزم محمد اسلم کی گرفتاری کیلئے پولیس چھاپے مار رہی ہے، جلد انہیں بھی گرفتار کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ لڑکیوں کو قتل کرنے والا ملزم محمد اسلم لڑکیوں کا چچازاد بھائی ہے جبکہ ویڈیو میں نظر آنے والی تیسری لڑکی اسلم کی بیوی ہے جو اس وقت روپوش ہے کیوں کہ اس کی بھی جان کو خطرہ ہے، پولیس اسے بھی ڈھونڈںے کی کوشش کررہی ہے۔

قتل کی جانے والی دونوں لڑکیوں کی عمریں 16 اور 18 سال ہیں اور انہیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔

مزید خبریں :