دورہ انگلینڈ میں کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پی سی بی

 ریڈ اور وائٹ بال کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ 25 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا،پی سی بی،فوٹو:فائل

 ‏پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھلاڑیوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ دورہ انگلینڈ  میں کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا جبکہ ‏کرکٹرز کے پاس دورے سے دستبرداری کا آپشن بھی موجود ہوگا۔

‏پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹرز کو دورہ انگلینڈ کے حوالے سے بریفنگ دینے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

 پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان، ڈائریکٹر انٹر نیشنل ذاکر خان، ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق اورشعبہ طب کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم نے آج کرکٹرز کو بریفنگ دی۔

دورے کے حوالے سے دی جانے والی آن لائن بریفنگ میں کھلاڑیوں کو یقین دہانی کرائی گئی کہ کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا۔ 

کرکٹرز کو بتایا گیا کہ ریڈ اور وائٹ بال کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ 25 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا جو انگلینڈ جائے گا اور یہ منصوبہ بھی بنایا جا رہا ہے کہ اسکواڈ جولائی کے پہلے ہفتے میں انگلینڈ جائے  جو کہ  دورے کے اختتام تک انگلینڈ میں ہی موجود رہے گا۔

پی سی بی کی جانب سے دورہ انگلینڈ کی تیاریوں کے آغاز کا بھی منصوبہ بنا لیا گیا ہے  اور انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی گائِیڈ لائنز کے مطابق جون کے اوائل میں ٹریننگ سیشنز کی لاہور میں پلاننگ کی جا رہی ہے ۔

‏ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ بظاہر اگلے 3 ماہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو بائیو سیکیور انتظامات میں رہنا پڑے گا جب کہ کھلاڑیوں کے پاس دورے سے دستبرداری کا آپشن موجود ہو گا۔

 انہوں نے کہا کہ حفاظتی اقدامات کے حوالے سے کھلاڑیوں کو آئندہ ہفتوں میں بھی تفصیلات فراہم کی جاتی رہیں گی۔

 ڈائریکٹر انٹر نیشنل ذاکر خان کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے ان غیر معمولی حالات میں کھلاڑیوں کی لاہور میں ٹریننگ کے حوالے سے ہر طرح کے انتظامات کیلئے تیار ہیں، پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی فیملی کے ہمراہ انشورنس کو بھی یقینی بنایا ہے۔

خیال رہے کہ ‏پاکستان کرکٹ ٹیم کا جولائی اگست میں انگلینڈ کا دورہ شیڈول ہے اور 30 جولائی کو پہلا ٹیسٹ کھیلا جاناہے لیکن کووڈ 19 کی صورت حال میں سیریز کے شیڈول میں ردو بدل کا امکان ہے جس کا اعلان جلد متوقع ہے ۔

دورے کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز شیڈول ہیں۔

مزید خبریں :