سینٹرل جیل کراچی میں 283 قیدیوں اور اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تصدیق

کراچی کی سینٹرل جیل کے 272 قیدیوں  اور 11 اہلکاروں سمیت 283 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس کے بعد انہیں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

 آئی جی جیل خانہ جات سندھ نصرت منگن کے مطابق سندھ بھر کی جیلوں میں قیدیوں اور اسٹاف ممبرز کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

نصرت منگن کے مطابق  کراچی کی سینٹرل جیل میں اب تک 850 قیدیوں کے ٹیسٹ کرائے گئے ہیں جن میں سے 272 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جنہیں الگ بیرکس میں بنائے گئے قرنطینہ سینٹر منتقل کردیا گیا ہے جب کہ  11 اہلکار  بھی کورونا سے متاثر ہیں جنہیں ان کے گھروں میں آئسولیٹ کیا گیا ہے۔

آئی جی جیل خانہ جات نے  جیلوں میں کورونا کیسز میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے جیل میں ضابطہ کار کو چیک کیا ہے، ممکنہ طور پر قیدیوں کے سامان یا عملے سے وائرس پھیلا ہے۔

 آئی جی جیل کا مزیدکہنا ہے کہ جیل میں تمام قیدیوں کے ٹیسٹ کروائے جائیں گے جب کہ اسپتال کے جیل وارڈ کو کورونا کیسز کیلئے تیار کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ سندھ بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 19ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 336 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :