پاکستان

طیارہ حادثہ: تحقیقاتی ٹیم کا ہیلی کاپٹر کے ذریعے جائے حادثہ کا معائنہ

کراچی:  طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لیے فرانس سے آئے ائیر بس کے ماہرین نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔

ذرائع کے مطابق ائیر بس ماہرین پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضا سے ہائی ریزولیشن کیمروں کی مدد سے عکس بندی کی جس کے مناظر کی ویڈیو ائیربس ہیڈ کوارٹر فرانس بھیجی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ ٹیم نے رن وے 25 ایل کا فضائی جائزہ لیا کیونکہ بدقسمت طیارے نے لینڈنگ کی پہلی کوشش رن وے 25 ایل پر کی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیک آف پوائنٹ سے لینڈنگ پوائنٹ کے درمیان ہیلی کاپٹر کی سیدھی پرواز اڑائی گئی جب کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے ائیرپورٹ فنل ایریا میں گو راؤنڈ چکر لگائے گئے۔

واضح رہے کہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا بدقسمت طیارہ لینڈنگ سے چند سیکنڈ قبل گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں عملے سمیت 97 مسافر جاں بحق ہو گئے تھے۔

حکومت کی جانب سے تحقیقات کے لیے مختلف اداروں کے ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو مختلف زاویوں سے طیارہ حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے جب کہ طیارہ ساز کمپنی ائیربس نے بھی ماہرین کی ایک ٹیم تحقیقات کے لیے پاکستان بھیجی ہے۔

مزید خبریں :