حادثے کا شکار جہاز کی لاہور سے ٹیک آف اور فضائی منظر کی ویڈیوز جیو نیوز کو موصول

خاتون مسافر نے جہاز کے ٹیکسی کرنے کے دوران طیارے کے باہر کے مناظر کو بھی قلمبند کیا،فوٹو: جیو نیوز

کراچی میں گر کر تباہ ہونے والے  پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کے  جہاز کی 22 مئی کو لاہور سے ٹیک آف اور فضائی منظر کشی کی ویڈیوز اور تصاویر جیو نیوز کو موصول ہوگئی ہیں۔

حادثے کا شکار بدقسمت طیارے سے لی گئی یہ تصاویر اور ویڈیوز  اس پرواز میں سوار ایک خاتون مسافر نے شوقیہ طور پر لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ پر طیارے کے ٹیکسی کرنے، رن وے پر دوڑنے، ٹیک آف کرنے اور پھر جہاز کے فضا میں جانے کے دوران مختلف اوقات میں بنائیں۔

 پہلی ویڈیو میں جہاز کی کھڑکی سے علامہ اقبال ائیرپورٹ لاہور کی عمارت واضح نظر آرہی ہے، خاتون کی ونڈو سیٹ کی ڈائریکشن کے حساب سے ویڈیوز میں جہاز کا سیدھے ہاتھ کا پر اور اس پر ائیربس کا نمبر واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔

 خاتون مسافر نے جہاز کے ٹیکسی کرنے کے دوران طیارے کے باہر کے مناظر کو بھی  قلمبند کیا۔ 

ویڈیو میں جہاز میں ائیر ہوسٹس کی جانب سے مسافروں کو سفری ہدایات کی آواز بھی سنائی دے رہی ہے۔ 

خاتون نے رن وے پر جہاز کے دوڑنے اور ٹیک آف کے بعد لاہور کا دو منٹ کا فضائی منظر بھی ریکارڈ کیا، ٹیک آف کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کپتان نے بہترین انداز میں لاہور سے کراچی کے لیے ٹیک آف کیا۔

 پرواز کے ٹیک آف کے کافی دیر بعد ایک منٹ کی ایک اور فضائی منظر کشی میں بھی جہاز میں کوئی خلل ظاہر نہیں ہو رہا اور سب کچھ نارمل محسوس ہورہا ہے۔ 

فلائٹ پی کے 8303 کے لیے ایئر بس 330 کا رجسٹریشن نمبر بی ایل ڈی جہاز کے ونگ پر واضح ہے۔

 ایوی ایشن ذرائع کے مطابق یہ ویڈیوز تحقیقات کے حوالے سے کوئی بڑا بریک تھرو تو نہیں لیکن یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ لاہور سے ٹیک آف اور اس کے بعد کے فضائی سفر میں پرواز میں کوئی گڑبڑ محسوس نہیں ہو رہی اور سب کچھ نارمل تھا۔

خیال رہے کہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز لینڈنگ کے دوران آبادی پر گر کر تباہ ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں جہاز میں سوار عملے کےن 8 ارکان سمیت 97 مسافر جاں بحق ہوگئے تھے جب کہ 2 مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہے تھے۔

مزید خبریں :