03 جون ، 2020
پشاور: سانحہ آرمی پبلک اسکول ( اے پی ایس) کی تحقیقات کیلئے قائم کمیشن کی کارروائی مکمل ہوگئی۔
ترجمان کمیشن کے مطابق تحقیقاتی کمیشن 2018 میں پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد ابراہیم خان کی سربراہی میں بنایا گیا تھا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کمیشن نے سانحہ میں شہید بچوں کے والدین سمیت 135 سے زائد افراد کے بیانات ریکارڈ کیے اور کمیشن اپنی رپورٹ 30 جون تک سپریم کورٹ میں جمع کرائے گا۔
ترجمان کمیشن نے بتایا کہ کمیشن نے پاک فوج، پولیس اور سی ٹی ڈی کے اعلیٰ افسران کے بیانات ریکارڈ کیے اور اب تک کی گئی تحقیقات اور کارروائیوں کے ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا گیا۔
خیال رہے کہ 2018 میں اُس وقت کے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے دورہ پشاور کے دوران اے پی ایس سانحے کے لواحقین سے ملاقات کے دوران واقعے کا نوٹس لیا تھا اور 5 اکتوبر 2018 کو کیس کی سماعت کے دوران ہائیکورٹ کے سینیئر جج کی سربراہی میں کیس کی تحقیقات کے لیے کمیشن قائم کیا تھا، جسے 6 ہفتوں میں اپنی رپورٹ عدالت عظمیٰ میں جمع کرانی تھی۔
واضح رہے کہ 16 دسمبر 2014 کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں نے حملہ کرکے 150 سے زائد افراد کو شہید کردیا تھا جن میں زیادہ تعداد معصوم بچوں کی تھی۔