07 جون ، 2020
عالمگیر وبا کورونا وائرس سے نا صرف ملک کی معیشت اور صحت کا نظام متاثر ہوا ہے بلکہ اس وبا کے دوران متعدد سماجی و دیگر مسائل نے بھی جنم لیا ہے۔
کورونا وائرس کے دوران پاکستان میں گزشتہ دو ماہ میں آن لائن ہراساں کرنے کے واقعات میں 189 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
یہ ڈیٹا سائبر ہراسمنٹ ہیلپ لائن کے ذریعے سے اکھٹا کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ مارچ اور اپریل کے مہینے میں آن لائن ہراساں کرنے کے واقعات میں 189 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ڈیٹا کے مطابق ان آن لائن ہراساں کرنے کے واقعات 74 فیصد خواتین کی جانب سے رپورٹ کیا گیا ہے جب کہ 19 فیصد مردوں نے کیسز رپورٹ کیے ہیں۔
سائبر ہراسمنٹ ہیلپ لائن پر رپورٹ کیے جانے والے ان واقعات میں تصاویر، ویڈیوز اور دیگر ذاتی معلومات کے ذریعے بلیک میل کرنے کی شکایات شامل ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پیشِ نظر لاک ڈاؤن کی وجہ سے سائبر ہراسمنٹ آفس بند ہیں جس کی وجہ سے صارفین کی جانب سے شکایات ای میل اور سوشل میڈیا کے ذریعے کی جا رہی ہیں۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن میں زیادہ تر لوگ انٹرنیٹ استعمال کر کے اپنا وقت گزار رہے ہیں۔