کراچی میں رینجرز کی گاڑی پر کریکر حملہ، ایک اہلکار زخمی

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں  رینجرز کی ایک گاڑی پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کریکر سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک جوان زخمی ہو گیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) شرقی تنویر عالم اوڈھو کے مطابق گلستان جوہر تھانے کی حدود میں کامران چورنگی کے قریب پاکستان رینجرز کے اہلکار  ٹائر پنکچر کی دوکان پرگاڑی کے ٹائر میں ہوا بھروا رہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان آئے جنہوں نے گاڑی کی کھڑکی کے شیشے کھلے پاکر کریکر گاڑی کے اندر پھینکا اور فرار ہوگئے۔

 ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق کریکر پھٹنے سے زوردار دھماکا ہوا اور گاڑی میں موجود رینجرز کا ایک جوان زخمی ہوگیا جب کہ کریکر حملے سے گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

 واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیاگیا۔

تنویر عالم اوڈھو کے مطابق یہ کسی مسلح گروپ کی شرارت ہوسکتی ہے، ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ اور فارنزک کی ٹیموں کو موقع پر طلب کرلیا گیا ہے اور عینی شاہدین کے بیانات بھی لے جارہے ہیں جب کہ علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے حصول کے لیے بھی کوشش شروع کر دی گئی ہیں۔

مزید خبریں :