صورت حال اس بات کی متقاضی ہے کہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے: ظفر مرزا

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ کورونا کے باعث صورت حال اس بات کی متقاضی ہے کہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے۔

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے طبی عملے کے لیے خصوصی پیکج پرکام کر رہے ہیں، صوبائی وزراء صحت اور ماہرین سے بھی اس پیکج کے حوالے سے مشاورت کی گئی ہے۔

ڈاکٹرظفرمرزا کا کہنا ہے کہ خصوصی پیکج کورونا وائرس کے خلاف نبرد آزما ڈاکٹرز اور طبی عملے کے لیے ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے والے فرنٹ لائن ورکز کا تحفظ اور مالی معاونت ترجیح ہے۔

ڈاکٹرظفرمرزا کا کہنا ہے کہ خصوصی پیکج میں مالی معاونت ،تحفظ اور تربیت بھی شامل ہوگی جب کہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران جاں بحق ہونے والے ہیلتھ ورکرزکو شہداء پیکج ملےگا۔

انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون سے 5 ہزار ہیلتھ ورکرز کی ٹریننگ کا انتظام کیا گیا، حفاظتی سامان کے درست استعمال کے حوالے سے بھی تربیت دی گئی ہے۔

ظفر مرزا نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ پروگرام کے تحت ایک لاکھ ہیلتھ ورکرز کو حفاظتی سامان سے متعلق تربیت دی جارہی ہے جب کہ ہیلتھ ورکرز ہیلپ لائن 1166 پر اپنے مسائل بھی درج کراسکیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں 3 فیصد ڈاکٹر اورطبی عملہ کورونا وائرس سے متاثر ہوا ہے، بیماری کی صورت میں ہیلتھ ورکرز کے اہلخانہ کا بھی ترجیحی بنیادوں پرعلاج کرایا جائے گا جب کہ نجی اسپتالوں کی معاونت کے لیے رعایتی شرح پرقرضے دیے جا رہے ہیں اور نجی اسپتالوں کومشینری درآمد میں ٹیکسوں کی رعایت دیں گے۔

واضح رہے کہ ملک میں آج اب تک کورونا سے مزید 53 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2463 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 125933 تک پہنچ گئی ہے۔

کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں بڑی تعداد میں اس کے خلاف جنگ لڑنے والے فرنٹ لائن فائٹرز ڈاکٹرز اور طبی عملہ بھی شامل ہے۔

مزید خبریں :