09 فروری ، 2012
کراچی…رفیق مانگٹ…امریکی تھنک ٹینک کے سربراہ نے تجویز دی ہے کہ صدر اوباما حکمت عمل تبدیل کر کے پاکستان میں سی آئی اے کے ذریعے خفیہ آپریشن کریں اور طالبان رہنماوٴں کو چن چن کر ہلاک کیا جائے۔امریکی اخبار’واشنگٹن ٹائمز‘ میں ریٹائرڈ جنرل جان کیئن کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صدر اوباما فوراً اپنی حکمت عملی تبدیل کر یں اور پاکستا ن میں موجود طالبان رہنماوٴں کو ختم کریں۔ اس کے لئے ڈرونز اور دیگر طریقے استعمال کیے جائیں جس طرح گزشتہ دس برس کے دوران مختلف حربے استعمال کرکے القاعدہ کے رہنماوٴں کو ہلاک کیا گیاانہوں نے کہا کہ پاکستان میں ان اہداف کے خلاف سی آئی اے کے ذریعے خفیہ آپریشن کیا جائے ،زمینی آپریشن سے نہیں بلکہ ڈرونز سے اہداف کو نشانہ بنایا جائے۔تاہم جنرل جیک کے اس بیان پر وائٹ ہاوٴس کے ترجمان نے تبصرے سے انکار کردیا۔ جنرل کئین کا کہنا تھا کہ طالبان امریکا کے دشمن ہیں اور طالبان کی سنیئر قیادت کوئٹہ اور پشاور میں پناہ لے کر پاکستان میں کمانڈ سینٹر قائم کیا ہے جہاں وہ کمانڈروں کے ساتھ کانفرنسوں اور دیگر امور انجام دیتے ہیں۔جنرل کیئن کا کہنا تھا کہ ہم گزشتہ دس برس میں پاکستان کے غیر مستحکم ہونے کے خدشے کے پیش نظر ایسے اقدامات اٹھانے میں بے بس تھے اور طالبان رہنماوٴں کے خلاف کارروائی نہیں کرسکے ۔ جان کیئن امریکی فوج کے ریٹائرڈ فور اسٹار جنرل اور سابق وائس چیف آف اسٹاف ہیں،اس وقت اہم امریکی تھنک ٹینک’ انسٹی ٹیوٹ فار اسٹڈی آف وار ‘کے بورڈ کے چیئرمین ہیں۔وہ طویل عرصہ تک افغانستان میں امریکی کمانڈروں کے مشیر رہے ۔ افغانستان میں دو ہفتے امریکی کمانڈروں سے مشاورت کے بعد واپسی پر یہ باتیں کیں جو اخبار میں شائع ہوئیں۔