Time 13 جون ، 2020
پاکستان

حکومت کی چینی کی 70 روپے فی کلو دستیابی کیلئے شوگر ملزکو انتظامات کی ہدایت

وزارت صنعت و پیداوار نے عوام کو چینی 70 روپے فی کلو دستیابی کے لیے شوگر ملز ایسوسی ایشن کو انتظامات کی ہدایت کردی۔

گزشتہ دنوں شوگر ملز ایسوسی ایشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے بعد حکومت کو خط لکھا اور کہا تھا کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے چینی 70 روپے فی کلو فروخت کرنے کے لیے تیار ہیں لہٰذا حکومت عوام کو 70 روپے فی کلو چینی فروخت کرنے کے اقدامات کرے۔

اب وزارت صنعت و پیداوار نے عوام کو چینی 70 روپے فی کلو دستیابی کے لیے شوگر ملز ایسوسی ایشن کو انتظامات کی ہدایت کردی ہے۔

یوٹیلٹی اسٹورز نے بھی شوگر ملز ایسوسی ایشن سے 63 روپے فی کلو چینی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا اور ایسوسی ایشن کے نام خط میں کہاکہ شوگر ملز چینی 63 روپے کلو فراہم کریں تاکہ شہریوں کو ریلیف دیا جاسکے۔

اُدھر وزارت صنعت و پیداوار نے شوگر ملز کو یوٹیلٹی اسٹورز کی جانب سے بتائی گئی قیمت پر چینی فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

خیال رہے کہ 11 جون کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے چینی کمیشن رپورٹ پر عمل درآمد 10 روز کے لیے روکتے ہوئے چینی 70 روپے فی کلو فروخت کرنے کا حکم دیا تھا۔

پس منظر

گذشتہ دنوں حکومت چینی بحران پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تحقیقاتی رپورٹ کا فارنزک کرنے والے کمیشن کی حتمی رپورٹ منظر عام پر لے آئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق جہانگیر ترین، مونس الٰہی، شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ، اومنی گروپ اور عمرشہریار چینی بحران کے ذمے دار قرار دیے گئے ہیں۔

فارنزک آڈٹ رپورٹ میں چینی اسیکنڈل میں ملوث افراد کےخلاف فوجداری مقدمات درج کرنے اور ریکوری کرنےکی سفارش کی گئی ہے جب کہ رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ ریکوری کی رقم گنےکے متاثرہ کسانوں میں تقسیم کردی جائے۔

انکوائری کمیشن کی رپورٹ کی سفارشات کی روشنی میں حکومت نے چینی پر 29 ار ب روپے کی سبسڈی کا معاملہ قومی احتساب بیورو(نیب) اور ٹیکس سے متعلق معاملات فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر) کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لیکن شوگر ملز ایسوسی ایشن نے چینی انکوائری کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن کا مؤقف ہے کہ چینی انکوائری کمیشن نے چینی کی قیمتوں میں اضافے اور بحران کی تحقیقات کے دوران قانونی تقاضے پورے نہیں کیے۔

بعدازاں 11 جون کو کیس کی سماعت کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ نے چینی کمیشن رپورٹ پر عمل درآمد 10 روز کے لیے روکتے ہوئے چینی 70 روپے فی کلو فروخت کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزید خبریں :