14 جون ، 2020
انڈونیشیا میں پولیس اہلکاروں نے مہلک وبا کورونا وائرس کی اسکریننگ کے لیے اسمارٹ ہیلمٹ کا استعمال شروع کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے صوبے ریاؤ کے دارالحکومت پیکانبرو میں پولیس نے کورونا وائرس کی اسکریننگ کرنے کے لیے اسمارٹ ہیلمٹ کا استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔
اس اسمارٹ ہیلمٹ میں انفرا ریڈ کیمرا اور تھرمو اسکینر نصب ہے جو شہریوں کا درجہ حرارت اسکین کرنے اور کورونا وائرس کا پتا لگانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ 'تھرمل اسکینر ہیلمٹ' کسی بھی شخص سے 10 میٹر کے فاصلے پر رہ کر ان کے جسم کا درجہ حرارت با آسانی بتا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس سے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دنیا بھر میں لوگوں کو سماجی فاصلہ اختیار کرنے کی تجویز کی جا رہی ہے۔
اس صورتحال میں ایک ایسا ہیلمٹ جو کہ 10 میٹر کے فاصلے سے جسم کا درجہ حرارت بتانے کی صلاحیت رکھتا ہے، بے حد مددگار ثابت ہوگا۔