Time 20 جون ، 2020
پاکستان

ملک کے مختلف شہروں کے لاک ڈاؤن والے علاقوں میں ضابطہ کار کی دھجیاں اڑادی گئیں

کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں ضابطہ کار  (ایس او پیز) کی کھلے عام خلاف ورزیاں جاری ہیں اور انتظامیہ عملدرآمد میں ناکام نظر آرہی ہے۔

خیال رہے کہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے  ملک بھر میں 20 سے زائد شہروں میں گذشتہ چند روز سے اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔

 کراچی میں بھی مختلف علاقوں میں جمعرات کی شام سے اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے تاہم ضلعی انتظامیہ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کرانے میں ناکام نظر آرہی ہے اور شہریوں کی جانب سے ضابطہ کار (ایس او پیز) پر عمل نہیں کیا جا رہا۔

کراچی کے تمام اضلاع کی 43 یونین کونسلز میں لاک ڈاؤن کیا گیا ہے  تاہم بعض علاقوں میں  لوگوں نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی دھجیاں اڑا دی ہیں، نہ تو وہاں شہری گھروں میں رک رہے اور اور باہر نکلتے وقت ماسک بھی نہیں پہن رہے۔

سیل کیے گئے بعض علاقوں سے خاردار تاریں اور قناتیں غائب ہیں اور  دیگر علاقوں سے شہری لاک ڈاؤن والے علاقوں میں باآسانی آجا رہے ہیں۔

 سیالکوٹ میں بھی لاک ڈاؤن کیے گئے علاقوں میں شہریوں کی جانب سے ضابطہ کار پر عمل نہیں کیا جارہا اور حکومتی ہدایات مکمل طور پر نظر انداز کی جارہی ہیں۔

 آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے کے باوجود شہری ضابطہ کار پر عمل کرتے دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔

راولپنڈی میں مرغوں کی لڑائی پرجوا کرانے پر پولیس نے چھاپہ مار کر 17 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق  مرغوں کی لڑائی کے دوران عوام کی بڑی تعداد موجود تھی اور کورونا ایس او پیز کی پابندی پر بھی عمل نہیں کیا جارہا تھا۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے حوالے سے ضابطہ کار کی 9 ہزار 305 خلاف ورزیوں پر ایکشن لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 71 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے  جب کہ 3 ہزار 382 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :