دنیا
Time 27 جون ، 2020

روس کی جانب سے امریکی افواج پرحملوں کیلئے افغان جنگجوؤں کو انعام دینے کا انکشاف

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کی جانب سے افغانستان میں  امریکی اور اتحادی افواج پر حملوں کے لیے افغان جنگجوؤں کو انعامی رقم کی پیشکش کی گئی تھی۔

نیو یارک ٹائمز نے امریکی انٹیلی جنس ذرائع کے حوالے سے دعو یٰ کیا ہے کہ امریکی حکام کو چند ماہ قبل یہ معلوم ہوا تھا کہ یورپ میں  قاتلانہ حملوں اور بہت سے خفیہ آپریشنز میں ملوث روسی فوج کے انٹیلی جنس یونٹ نے طالبان سے منسلک جنگجوؤں کو  گذشتہ سال یہ پیشکش کی تھی۔

رپورٹ کے مطابق روس کی جانب سے یہ پیشکش ایسے وقت کی گئی تھی جب امریکا اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات جاری تھے۔

اخبار  کے دعوے کے مطابق افغان جنگجوؤں اور ان کے قریب سمجھے جانے والے جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے کچھ انعامی رقم وصول بھی کی گئی جب کہ حکام کا کہنا ہے کہ 2019ءمیں  افغانستان میں ہونے والے مختلف حملوں میں 20 امریکی فوجی مارے گئے تھے تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ ان میں سے کون سی ہلاکتوں کا تعلق انعامی رقم کے لیے ہونے والے حملوں سے ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی اس حوالے سے آگاہ کردیا گیا ہے تاہم حکام کی جانب سے اب تک اس معاملے پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی جب کہ وائٹ ہاؤس نے اس معاملے پر تبصرے سے انکار کردیا ہے۔

خیال رہے کہ 29 فروری 2020ء کو قطر میں امریکا اور طالبان کے درمیان تاریخی امن معاہدہ ہوا جس میں  طے کیا گیا تھا کہ افغانستان سے امریکی اور نیٹو افواج کا انخلا آئندہ 14 ماہ کے دوران ہوگا جب کہ اس کے جواب میں طالبان کو ضمانت دینی ہے کہ افغان سرزمین القاعدہ سمیت دہشت گرد تنظیموں کے زیر استعمال نہیں آنے دیں گے۔

معاہدے میں قیدیوں کی رہائی کی شرط بھی شامل تھی جس کے تحت طالبان کے 5 ہزار قیدی اور افغان سیکیورٹی فورسز کے ایک ہزار اہلکاروں کو رہا کرنا ہے تاہم معاہدے کی اس شرط پر  سست روی کے ساتھ عمل درآمد جاری  ہے۔

مزید خبریں :