Time 07 جولائی ، 2020
پاکستان

کراچی میں بارش کی وجہ سے مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق

کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا سسٹم کراچی کے جنوب مشرق میں سمندرمیں موجود ہے، سسٹم آج شہرپرکم اثر انداز ہوا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رات گئےشہر میں ہلکی سے معتدل بارش کا امکان ہے،کل دوپہر تک سسٹم شہر میں بارش برسا سکتا ہے۔

کراچی میں دو روز کی بارشوں کی وجہ سے مختلف حادثات میں اب تک 9 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

آج بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی و تیز بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق  لانڈھی میں آج 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ جناح ٹرمینل پر 1.6 اور گلشن حدید میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سے سندھ میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

کراچی شہر میں گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش صدر میں43 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ پی اے ایف بیس فیصل میں 26 ملی میٹر، ناظم آباد میں 22 ملی میٹر ، جناح ٹرمینل پر 8.8 ملی میٹر، پی اےایف بیس مسرور میں 12ملی میٹر، لانڈھی میں 3.1 ملی میٹر اور سرجانی میں 1اعشاریہ 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق سمندر سے زیادہ نمی لینے پر مون سون سسٹم زیادہ مضبوط ہوگیا ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق 8 جولائی کی صبح تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

مزید خبریں :