Time 09 جولائی ، 2020
پاکستان

کراچی میں لوڈ شیڈنگ پر قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی ارکان الجھ پڑے

کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے معاملے پر قومی اسمبلی میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور  پیپلزپارٹی کے اراکین میں تلخ کلامی ہوئی ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں  پیپلز پارٹی کے کراچی سے منتخب رکن آغا رفیع اللہ نے کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے بارے توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا۔

توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان کا کہنا تھا کہ حکومت کے الیکٹرک کے معاملات کو باریک بینی سے مانیٹر کر رہی ہے، سندھ کے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)میں موجود ممبر اپنے اختیارات استعمال نہیں کر رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیپرا میں سندھ کا نمائندہ حکومت سندھ نے نامزد کیا ہے،سندھ حکومت اس کے خلاف ٹھوس کارروائی کرے، پیپلزپارٹی اپنے نمائندے کو ہدایت کرے کہ انہیں بچانے کے چکر میں نہ پڑیں اور کارروائی کریں۔

عمر ایوب خان کا کہنا تھا کہ ہم کراچی کی عوام کو جوابدہ ہیں،200 میگاواٹ مزید بجلی کے الیکٹر ک کو دیں گے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی  اسد عمر کا کہنا تھا کہ کیا کراچی میں پہلی بار لوڈشیڈنگ ہورہی ہے،کے الیکٹرک کے خلاف سابقہ ادوار میں پیپلز پارٹی کے وزیر پانی وبجلی راجہ پرویز اشرف اور ن لیگ کے خواجہ آصف نے کیوں کارروائی نہیں کی؟

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ان دونوں حکومتوں نے نہ کراچی میں بجلی پیدا کی نہ باہر سے بجلی لانے کا انتظام کیا، یہاں ان کی حکومت کے ایک وزیر بجلی نے کہا تھا کراچی میرا مسئلہ نہیں ہے۔

 اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر پانی وبجلی راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ مجھے آج سمجھ آیا کہ سوال گندم جواب چنا کا مفہوم کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں بجلی کے مسئلے پر پیپلز پارٹی توجہ دلاؤ نوٹس لائی ہے، ہم پوچھ رہے ہیں کے الیکٹرک معاملے کا حل کیا ہے اور یہ 2 سال بعد بھی کہہ رہے ہیں اگلے 2 سال بعد بتائیں گے کہ حل کیا ہے۔

خیال رہے کہ کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے تک ہوگیا ہے جس کے باعث شدید گرمی اور حبس میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے اسد عمر، گورنر سندھ اور معاون خصوصی برائے پاور ڈویژن کو کے الیکٹرک انتظامیہ سے ملاقات کرکے مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں :